
علی گڑھ، 29 جولائی (ہ س)۔ علی گڑھ کے سرکاری آیورویدک اسپتالوں میں آیوش طبی طریقہ علاج کے ذریعے متعدد مریض دائمی بیماریوں سے راحت حاصل کر کے صحت مند زندگی کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ آیورویدک اسپتالوں میں مریضوں کو آیورویدک علاج کے ساتھ ان کی طبیعت کے مطابق خوراک، رہن سہن، روزمرہ معمولات اور یوگا کی اہمیت کے بارے میں معلومات فراہم کر کے صحت مند طرز زندگی اپنانے کے لیے ترغیب دی جا رہی ہے۔
مڈراک واقع سرکاری آیورویدک اسپتال میں باقاعدگی سے یوگا سیشن بھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ضرورت کے مطابق مریضوں کو آیورویدک ادویات اور پنچ کرم علاج کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ اسپتال میں علاج حاصل کرنے والے مریضوں کی کامیابی کی کہانیاں آیوروید کے تئیں لوگوں کے اعتماد کو مزید مضبوط کر رہی ہیں۔
مڈراک کے رہائشی 54 سالہ بھوری سنگھ کافی عرصے سے 14 ایم ایم کی گردے کی پتھری (ورکّ اشمری) کے باعث شدید درد میں مبتلا تھے۔ مختلف مقامات پر علاج کرانے کے باوجود انہیں مطلوبہ فائدہ نہیں ملا۔
بعد ازاں انہوں نے سرکاری آیورویدک اسپتال، مڈراک میں معائنہ کرایا۔ ڈاکٹروں نے آیورویدک ادویات کے ساتھ ساتھ آچاریہ سشرت کے ذریعہ بیان کردہ وِدھ کرم علاج مقررہ وقفے سے فراہم کیا۔
ڈاکٹروں کے مطابق تقریباً ڈیڑھ ماہ کے علاج کے بعد پتھری خارج ہوگئی اور مریض کو نمایاں راحت ملی۔ فی الحال مریض مکمل طور پر صحت مند ہے۔ مستقبل میں پتھری دوبارہ نہ بنے، اس کے لیے انہیں متوازن غذا، بہتر طرز زندگی اور باقاعدہ روزمرہ معمولات اپنانے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ