
علی گڑھ، 29 جولائی (ہ س)۔ معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے بنیادی ڈھانچے کی مسلسل ترقی کے اپنے عزم کو مزید مستحکم کرتے ہوئے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے اپنی چار اہم فیکلٹیوں میں تعمیر کیے گئے 8 نئے کلاس رومز کا افتتاح کیا۔
نئے کلاس رومز کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان، رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر، ممبر انچارج بلڈنگ محکمہ پروفیسر ملک شعیب احمد اور یونیورسٹی انجینئر پروفیسر اظہار الحق فاروقی کی موجودگی میں کیا۔
فیکلٹی آف آرٹس اور فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے لیے تعمیر کیے گئے 4 کلاس رومز کی افتتاحی تقریب میں فیکلٹی آف آرٹس کے ڈین پروفیسر محمد رضوان خان اور فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین پروفیسر اکرام حسین شریک ہوئے، جبکہ فیکلٹی آف سائنس اور فیکلٹی آف لائف سائنسز کے لیے تعمیر کیے گئے باقی 4 کلاس رومز کی افتتاحی تقریب میں فیکلٹی آف سائنس کے ڈین پروفیسر سرتاج تبسم اور فیکلٹی آف لائف سائنسز کے ڈین پروفیسر نفیس احمد خان موجود تھے۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے کہا کہ تعلیمی بنیادی ڈھانچے کی توسیع یونیورسٹی کے اس وژن کا اہم حصہ ہے جس کا ہدف تدریس، تعلیم اور تحقیق کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے ایم یو اپنے تعلیمی پروگراموں کو مسلسل وسعت دے رہی ہے، اس لیے جدید تعلیمی سہولیات کے فروغ کو ترجیح دی جا رہی ہے تاکہ طلبہ کو بہترین تعلیمی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ افتتاح یونیورسٹی میں طلبہ کی بڑھتی ہوئی تعداد اور تعلیمی پروگراموں کی وسعت کے پیش نظر تعلیمی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی کوششوں کا تسلسل ہے۔ ہر کلاس روم میں 100 طلبہ کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، اس طرح 8 نئے کلاس رومز کے ذریعہ مجموعی طور پر 800 طلبہ کے لیے اضافی نشستوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے، جس سے فیکلٹی آف آرٹس، فیکلٹی آف سوشل سائنسز، فیکلٹی آف سائنس اور فیکلٹی آف لائف سائنسز میں تدریسی ضروریات کی بڑی حد تک تکمیل ہوگی۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر شجرکاری مہم بھی منعقد کی گئی اور نئے کلاس رومز کے اطراف پودے لگائے گئے۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے سینئر عہدیداران، اساتذہ اور مختلف شعبوں کے اہلکار موجود رہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ