
غازی آباد، 29 جولائی (ہ س)۔ اتر پردیش میں غازی آباد ضلع کے نیواڑی تھانہ علاقے میں گنگ نہر پٹری پر منگل کی آدھی رات کو بولیرو پک اپ میں سفر کر رہے تین لوگوں کی سڑک حادثے میں موت ہو گئی۔ یہ لوگ پک اپ میں سوار ہوکر جا رہے تھے ، تب ہی ٹرک نے اسے ٹکر مار دی۔ اس واقعے میں زخمی ہونے والے پانچ افراد اسپتال میں داخل ہیں۔ متاثرین نے چند روز قبل ہی پک اپ خریدی تھی۔ یہ لوگ اس میں سوار ہو کر پوجا کرنے کے لیے ہریدوار جا رہے تھے۔ پولیس نے ملزم ڈرائیور اور کنڈکٹر کو گرفتار کر لیا ہے۔
مودی نگر کے اسسٹنٹ پولیس کمشنر بھاسکر ورما نے بتایا کہ یہ حادثہ منگل کی رات تقریباً 12:40 بجے نیواRی تھانہ علاقے میں چودھری چرن سنگھ کانوڑ ٹریک روڈ پر پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں کی شناخت رمیش ولد چھوٹے لال، رتن ولد بھجن لال اور سرجیت ولد خوشیرام کے طور پر ہوئی ہے۔ تینوں راجستھان کے الور ضلع کے کلگاو¿ں کے رہنے والے تھے۔ اے سی پی کے مطابق، عقیدت مند نئی خریدی گئی بولیرو کی پوجا کرنے اور گنگا اسنان کے لیے ہریدوار جا رہے تھے۔ اسی دوران سامنے سے آنے والے ایک ٹرک سے ان کی بولیرو ٹکرا گئی۔
اے سی پی نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ ٹرک اور بولیرو دونوں کی تیز رفتاری حادثے کی وجہ ہے۔ یہ حادثہ چودھری چرن سنگھ کانوڑ پٹری مارگ پر پیش آیا، جو کانوڑیوں کے لیے ایک اہم راستہ سمجھا جاتا ہے۔ یہ راستہ مراد نگر، غازی آباد سے شروع ہوتا ہے اور میرٹھ اور مظفر نگر سے ہوتا ہوا ہریدوار تک جاتا ہے۔ اس روٹ پر 29 جولائی کی صبح بھاری گاڑیوں کے لیے ڈائیورژن نافذ کیا جانا تھا، لیکن یہ المناک حادثہ اس سے پہلے ہی رات گئے پیش آیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد