
ڈوڈہ کے جٹھیلی علاقے میں ٹیمپو حادثے کا شکار، دو خواتین جاں بحق
جموں، 25 جولائی (ہ س)۔ ضلع ڈوڈہ کے جٹھیلی محالہ روڈ پر ہفتہ کے روز ایک افسوسناک سڑک حادثے میں دو خواتین جاں بحق جبکہ پانچ افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے تین کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) جموں منتقل کر دیا گیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ہفتہ کی دوپہر ایک ٹیمپو گاڑی زیر نمبر جے کے 06 بی 8096 جٹھیلی محالہ سڑک پر حادثے کا شکار ہو گیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور مقامی افراد موقع پر پہنچے اور فوری طور پر امدادی کارروائی شروع کرتے ہوئے تمام زخمیوں کو جی ایم سی ڈوڈہ منتقل کیا۔ اسپتال حکام کے مطابق جٹھیلی کی رہائشی 30 سالہ آشا دیوی اور 29 سالہ میناکشی دیوی کو اسپتال پہنچنے پر مردہ قرار دے دیا گیا۔
حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 3 سالہ شاوینیش، 33 سالہ اجے شرما، 2 سالہ تراشن، 35 سالہ نصیب سنگھ اور 35 سالہ شیو کمار شامل ہیں۔ شدید زخمی تین افراد کو بہتر علاج کے لیے دو ایمبولینسوں کے ذریعے جی ایم سی جموں ریفر کیا گیا۔ زخمیوں میں بیشتر کا تعلق جٹھیلی، تحصیل محالہ سے ہے جبکہ ایک زخمی ڈونگرو کا رہائشی بتایا گیا ہے۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر