
جموں، 25 جولائی (ہ س)۔
پونچھ ضلع میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے دوران لاپتہ ہونے والی دوخواتین کی لاشیں برآمد کرلی گئی ہیں، جبکہ پونچھ میں مزید چھ اورراجوری میں ایک شخص سمیت پیرپنجال خطے میں مجموعی طورپرسات لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔ حکام کے مطابق پونچھ میں سیلاب سے متعلق مختلف واقعات میں آٹھ افراد لاپتہ ہوئے تھے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مرہ گاؤں کی 25 سالہ خالدہ کوثر، زوجہ یاسر اقبال، اور سنگلا کی شریفہ بیگم، زوجہ عبد الحمید، کی لاشیں برآمد کی گئیں، جس کے بعد پونچھ میں لاپتہ افراد کی تعداد چھ رہ گئی ہے۔ راجوری میں محکمہ جل شکتی کا ملازم عبدالغنی سیلابی پانی میں بہہ جانے کے بعد تاحال لاپتہ ہے۔ امدادی ٹیمیں تھانہ منڈی سے راجوری تک نالے کے پورے راستے میں اس کی تلاش کر رہی ہیں۔
دریں اثنا، راجوری اور پونچھ اضلاع میں بجلی کی ترسیل کے تمام بڑے مراکز بحال کر دیے گئے ہیں، تاہم سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پینے کے پانی کا بحران بدستور برقرار ہے۔ حکام کے مطابق راجوری ضلع میں تقریباً 200 بجلی کے ٹرانسفارمرز کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ سیلابی ریلوں سے پانی کی فراہمی کے متعدد منصوبے، پائپ لائنیں اور مشینری بھی تباہ ہوگئی ہے۔
پانی کی سطح کم ہونے کے بعد سیلاب میں بہہ جانے والی گاڑیاں بھی مختلف مقامات پر ملنے لگی ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق راجوری شہر کے بیلا پل کے قریب ریت میں دبی ایک گاڑی ملی، جبکہ مرادپور کے قریب دریا میں ایک اور گاڑی کے کچھ حصے نظر آئے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر