سیوا آشرے بے ضابطگی معاملہ: وزیر اعلیٰ شبھیندو ادھیکاری کا ابھیشیک بنرجی پر حملہ، کہا— عوام کی صحت سے کھلواڑ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی
کولکاتا، 25 جولائی (ہ س)۔ مغربی بنگال اسمبلی میں ہفتہ کے روز وزیر اعلیٰ شبھیندو ادھیکاری نے ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی کے ’سیوا آشرے‘ صحت کیمپوں میں مبینہ بے ضابطگیوں اور بدعنوانی کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان اور صحت س
سیوا آشرے بے ضابطگی معاملہ: وزیر اعلیٰ شبھیندو ادھیکاری کا ابھیشیک بنرجی پر حملہ، کہا— عوام کی صحت سے کھلواڑ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی


کولکاتا، 25 جولائی (ہ س)۔ مغربی بنگال اسمبلی میں ہفتہ کے روز وزیر اعلیٰ شبھیندو ادھیکاری نے ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی کے ’سیوا آشرے‘ صحت کیمپوں میں مبینہ بے ضابطگیوں اور بدعنوانی کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان اور صحت سے کھلواڑ کرنے والوں کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قصورواروں کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی متعلقہ دفعات کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کو ’سیوا آشرے‘ صحت کیمپوں کے حوالے سے بڑی تعداد میں شکایات موصول ہوئی ہیں۔ ان شکایات کی بنیاد پر درج مقدمات کی جانچ جاری ہے اور اب ہر شکایت کو الگ ایف آئی آر کے طور پر درج کرکے اس کی تفتیش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ بعض کیمپوں میں مریضوں کو مدتِ استعمال ختم ہو چکی (ایکسپائرڈ) ادویات فراہم کی گئیں۔ اسمبلی میں انہوں نے جونیئر ڈاکٹر راجیو وشواس کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو لکھے گئے ایک خط کا بھی حوالہ دیا، جس میں مبینہ بے ضابطگیوں کا ذکر کیا گیا تھا۔شبھیندو ادھیکاری نے بتایا کہ اس پورے معاملے کی تحقیقات کے لیے ریاستی پولیس کی سی آئی ڈی، ایس ٹی ایف، جنوبی 24 پرگنہ ضلع پولیس اور طبی ماہرین پر مشتمل ایک مشترکہ ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن افراد کو ان صحت کیمپوں کے باعث کسی قسم کا نقصان پہنچا ہے، ان کی ہر شکایت کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے الزام عائد کیا کہ ابھیشیک بنرجی اور ان کے ساتھیوں کے مبینہ مجرمانہ اقدامات پر انہیں کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعات کے تحت قصورواروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرکے انہیں قانون کے مطابق سزا دلائی جائے گی۔

قابلِ ذکر ہے کہ ترنمول کانگریس کے دورِ حکومت میں ابھیشیک بنرجی نے اپنے پارلیمانی حلقے سمیت ریاست کے مختلف علاقوں میں ’سیوا آشرے‘ صحت کیمپ منعقد کیے تھے۔ ان کیمپوں کے ذریعے غریبوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ تاہم اسمبلی انتخابات کے بعد ان کیمپوں کے انتظام، سرکاری منظوریوں، ادویات، طبی آلات کے استعمال اور دیگر ضابطوں سے متعلق متعدد شکایات سامنے آئیں، جن کی تحقیقات فی الحال جاری ہیں۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande