
جموں، 25 جولائی (ہ س)۔
جموں و کشمیر کے ضلع سانبہ اور کٹھوعہ میں بین الاقوامی سرحد (آئی بی) کے قریب مشتبہ پاکستانی ڈرونز کی نقل و حرکت کے بعد سیکورٹی فورسز نے ہفتہ کے روز وسیع پیمانے پر تلاشی مہم شروع کر دی۔سرکاری ذرائع کے مطابق جمعہ کی رات دیر گئے سانبہ کے وجے پور علاقے کے سرحدی گاؤں ترورے کے اوپر فوجی اہلکاروں نے ایک مشتبہ پاکستانی ڈرون کی موجودگی کا پتہ لگایا، جس کے بعد فوری طور پر انسدادِ ڈرون اقدامات کیے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرون بعد میں واپس پاکستان کی جانب بین الاقوامی سرحد پار کر گیا۔ ادھر کٹھوعہ ضلع کے ہیرا نگر سیکٹر کے چک نلوہ گاؤں میں بھی جمعہ کی شام ایک مشتبہ ڈرون کچھ دیر تک منڈلاتا ہوا دیکھا گیا۔
حکام کے مطابق دونوں مقامات پر سیکورٹی فورسز نے ڈرون سے متعلق کسی ممکنہ سامان یا شواہد کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا، جو آخری اطلاعات موصول ہونے تک جاری تھا۔حکام نے بتایا کہ سرحدی علاقوں میں بار بار ڈرون سرگرمیوں کے پیش نظر بین الاقوامی سرحد پر نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر