
اونٹاریو (کینیڈا)، 25 جولائی (ہ س)۔ بھارت کی اول درجے کی اسکواش کھلاڑی اناہت سنگھ نے تاریخ رقم کرتے ہوئے عالمی جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ وہ سال 2005 میں جوشنا چنپا کے بعد اس باوقار ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچنے والی پہلی بھارتی کھلاڑی بن گئی ہیں۔
جمعہ کو کھیلے گئے خواتین کے سنگلز کے سیمی فائنل میں دہلی کی اناہت نے مصر کی مشترکہ تیسرے/چوتھے درجے کی کھلاڑی بارب سامح کو 11-3، 8-11، 11-4، 11-6 سے شکست دے کر خطابی مقابلے میں رسائی حاصل کی۔
عالمی درجہ بندی میں 20ویں مقام پر موجود اناہت گزشتہ برس اسی مقابلے میں کانسی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہی تھیں۔ اب وہ عالمی جونیئر اسکواش چیمپئن بننے سے صرف ایک فتح دور ہیں۔ اگر وہ فائنل جیت جاتی ہیں تو ایسا کارنامہ انجام دینے والی پہلی بھارتی کھلاڑی بن جائیں گی۔
فتح کے بعد اناہت نے کہا، میں بہت خوش ہوں۔ چند ماہ قبل برٹش جونیئر اوپن میں بارب کے خلاف میرا مقابلہ ہوا تھا اور وہ بھی بہت سخت اور سنسنی خیز تھا۔ مجھے معلوم تھا کہ اس بار جیت کے لیے مجھے اپنا بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا، کل میں اپنی بہترین کارکردگی نہیں دکھا سکی تھی، اس لیے آج خود کو ثابت کرنا ضروری تھا۔ میں چار بار عالمی جونیئر چیمپئن شپ میں حصہ لے چکی ہوں۔ پہلے کوارٹر فائنل اور پھر سیمی فائنل تک پہنچی، لیکن اس بار فائنل میں پہنچ کر میرے والدین اور کوچ بہت خوش ہیں۔ تاہم میرا ہدف ابھی پورا نہیں ہوا ہے۔
اب فائنل میں اناہت کا مقابلہ مصر کی دوسرے درجے کی کھلاڑی رقیہ سالم سے ہوگا۔ بھارتی اسکواش کی تاریخ میں نیا باب رقم کرنے کے لیے اناہت کو اب صرف ایک اور جیت کی
ضرورت ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد