یوتھ ہاکی 5ایس ایشیائی چمپئن شپ: پاکستان کو7-3 سے شکست دے کر بھارت فائنل میں پہنچا
خواتین کی ٹیم نے بھی شاندار واپسی کی مسقط (عمان)، 25 جولائی (ہ س)۔ بھارتی سب جونیئر مرد ہاکی ٹیم نے ایف آئی ایچ یوتھ ہاکی 5ایس ایشیائی چمپئن شپ 2026 میں اپنی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے جمعہ کو اپنے روایتی حریف پاکستان کو 7-3 سے شکس
ہاکی


خواتین کی ٹیم نے بھی شاندار واپسی کی

مسقط (عمان)، 25 جولائی (ہ س)۔

بھارتی سب جونیئر مرد ہاکی ٹیم نے ایف آئی ایچ یوتھ ہاکی 5ایس ایشیائی چمپئن شپ 2026 میں اپنی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے جمعہ کو اپنے روایتی حریف پاکستان کو 7-3 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ اس سے قبل بھارت نے میزبان عمان کو10-1 سے یکطرفہ انداز میں ہرایا تھا۔

دوسری جانب بھارتی سب جونیئر خواتین کی ٹیم نے چین کے ہاتھوں شکست کے بعد زبردست واپسی کرتے ہوئے ازبکستان کو 10-0 سے روند ڈالا اور اب سیمی فائنل میں قازقستان کا مقابلہ کرے گی۔

مردوں کے سب سے دلچسپ مقابلے میں بھارت نے آغاز ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا۔ رومیت پال نے آٹھویں منٹ میں، کرن گوتم نے دسویں منٹ میں اور کپتان کیتن کشواہا نے بھی دسویں منٹ میں گول کرکے بھارت کو ہاف ٹائم تک 3-0 کی برتری دلائی۔ دوسرے ہاف میں پرہلاد راج بھر نے 12ویں منٹ میں اس برتری کو 4-0 کر دیا۔

پاکستان کی جانب سے محمد عثمان نے 12ویں اور 15ویں منٹ میں دو گول کیے، جبکہ کپتان عادل نے 17ویں منٹ میں ایک گول اسکور کیا۔ تاہم بھارت کے شاہ رخ علی (16ویں منٹ)، راہل یادو (18ویں منٹ) اور کیتن کشواہا (20ویں منٹ) کے گولوں نے بھارت کی 7-3 کی یادگار فتح یقینی بنا دی۔

اس سے قبل دن کے پہلے میچ میں بھارتی مرد ٹیم نے میزبان عمان کو 10-1 سے شکست دی۔ بھارت نے پہلے ہاف میں ہی 6-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی تھی۔ شاہ رخ علی اور کیتن کشواہا نے دو، دو گول کیے، جبکہ کرن گوتم اور پرہلاد راج بھر نے ایک، ایک گول کیا۔ دوسرے ہاف میں کیتن کشواہا نے مزید دو گول کر کے اپنی تعداد چار تک پہنچائی، جبکہ گوتم اور راج بھر نے بھی اپنا دوسرا گول اسکور کیا۔ عمان کی جانب سے واحد گول خجرج سبیت المشرفی نے کیا۔

خواتین کے مقابلوں میں بھارتی ٹیم کو پہلے میچ میں چین کے خلاف 6-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پہلے ہاف تک مقابلہ 3-3 سے برابر تھا، جس میں سندیپا کماری اور کرن ایکّا نے بھارت کے لیے گول کیے، لیکن دوسرے ہاف میں چین نے برتری حاصل کرتے ہوئے میچ اپنے نام کر لیا۔

تاہم دوسرے میچ میں بھارتی خواتین کی ٹیم نے شاندار واپسی کرتے ہوئے ازبکستان کو 10-0 سے شکست دے دی۔ نوشین ناز نے ہیٹ ٹرک اسکور کی، جبکہ سندیپا کماری نے دو گول کیے۔ اس کے علاوہ شروتی کماری، کرن ایکّا، سویٹی کجور، نیلم ٹوپنو اور دیا نے ایک، ایک گول کرکے بھارت کی یکطرفہ کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔پول مرحلے کے اختتام کے بعد بھارتی مرد ٹیم ہفتہ، 25 جولائی کو فائنل میں ایک بار پھر پاکستان کا سامنا کرے گی، جبکہ بھارتی خواتین کی ٹیم سیمی فائنل میں قازقستان کے خلاف میدان میں اترے گی۔ یہ ٹورنامنٹ افتتاحی ایف آئی ایچ یوتھ ہاکی 5S ورلڈ کپ کے لیے ایشیائی کوالیفائر بھی ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande