
گلاسگو، 25 جولائی (ہ س)۔ بھارت نے کامن ویلتھ گیمز 2026 میں اپنے تمغوں کا کھاتہ کھول دیا ہے۔ بھارتی پیرا پاور لفٹر جھنڈو کمار نے جمعہ کی دیر رات مردوں کے ہیوی ویٹ پیرا پاور لفٹنگ مقابلے میں کانسہ کا تمغہ جیت کر ملک کو ان کھیلوں کا پہلا تمغہ دلایا۔
گروپ-بی میں مقابلہ کرتے ہوئے جھنڈو کمار نے اپنی پہلی کوشش میں 181 کلوگرام وزن کامیابی سے اٹھایا۔ دوسری کوشش میں انہوں نے 190 کلوگرام وزن اٹھا کر اپنی پوزیشن مزید مضبوط کر لی۔ تیسری کوشش میں انہوں نے 196 کلوگرام وزن اٹھانے کی کوشش کی، تاہم وہ اس میں کامیاب نہ ہو سکے۔
72.4 کلوگرام جسمانی وزن رکھنے والے جھنڈو کمار کو ان کی بہترین کامیاب لفٹ کی بنیاد پر 130.9 پوائنٹس حاصل ہوئے، جس کے ساتھ وہ گروپ-بی میں پہلے نمبر پر رہے۔ حتمی نتائج گروپ-اے اور گروپ-بی کے کھلاڑیوں کے پوائنٹس کو جسمانی وزن اور کامیاب لفٹنگ کی بنیاد پر یکجا کرکے تیار کیے گئے، جن میں جھنڈو کمار مجموعی طور پر تیسرے نمبر پر رہے اور کانسہ کا تمغہ اپنے نام کیا۔نائیجیریا کے ریلووان ادریس نے 132.8 پوائنٹس کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا، جبکہ انگلینڈ کے میتھیو ہارڈنگ نے 131.0 پوائنٹس حاصل کرکے چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ جھنڈو کمار محض 0.1 پوائنٹ کے فرق سے چاندی کا تمغہ حاصل کرنے سے محروم رہ گئے۔بھارتی کھلاڑی نے ملیشیا کے نیکوڈیمس منگوئی موسیٰ (120.3 پوائنٹس) کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
دوسری جانب بھارت کے ایک اور پیرا پاور لفٹر سدھیر، جنہوں نے گروپ-اے میں حصہ لیا، نے 182 کلوگرام اور 183 کلوگرام کے کامیاب لفٹنگ کیے، تاہم ان کی تیسری کوشش 211 کلوگرام پر ناکام رہی۔ مجموعی طور پر 114.1 پوائنٹس کے ساتھ وہ تمغہ جیتنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔جھنڈو کمار کے کانسہ کے تمغے کے ساتھ بھارت نے گلاسگو کامن ویلتھ گیمز 2026 میں اپنی مہم کا شاندار آغاز کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan