
اے ایم یو کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج میں ‘‘ایک پیڑ ماں کے نام’’ شجرکاری مہم کا انعقاد
علی گڑھ، 25 جولائی (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے ٹی بی اینڈ چیسٹ ڈیزیز شعبہ کے زیر اہتمام ملک گیر مہم ‘‘ایک پیڑ ماں کے نام’’ کے تحت شجرکاری پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں شرکاء نے اپنی ماؤں کے نام پر پودے لگا کر محبت، احترام، اظہارِ تشکر اور ماحولیاتی تحفظ کے عزم کا اظہار کیا۔
پروگرام کا افتتاح فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین پروفیسر محمد خالد اور شعبہ کے چیئرمین پروفیسر محمد شمیم نے اپنی اپنی والدہ کے نام پر پودے لگا کر کیا۔ انہوں نے اس موقع پر ماحولیات کے تحفظ اور والدین کے احترام کا ایک قابلِ تقلید پیغام دیا۔
شجرکاری مہم کا انعقاد ہمسفر ایجوکیشنل اینڈ سوشل ویلفیئر سوسائٹی کے عہدیداران نے نائب صدر مسٹر محمد نعیم، سکریٹری ڈاکٹر ذوالفقار اور شجرکاری انچارج مسٹر منظور احمد کی قیادت میں کیا، جبکہ مسٹر شاہ رخ حسین نے اس مہم میں فعال تعاون فراہم کیا۔ اساتذہ اور ڈاکٹروں کی بڑی تعداد نے بھی اپنی اپنی والدہ کے نام پر پودے لگا کر اس مہم میں حصہ لیا۔
اس مہم کے ذریعے ماحولیاتی تحفظ کے پیغام کو ماؤں کے احترام اور ان سے اظہارِ محبت و تشکر کے جذبے کے ساتھ مؤثر انداز میں جوڑا گیا۔ شرکاء نے اسے ماحولیات کے بارے میں بیداری پیدا کرنے اور آنے والی نسلوں کے لیے قدرتی وسائل کے تحفظ کی اہمیت اجاگر کرنے کی ایک بامعنی کاوش قرار دیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ