
حیدرآباد ،25 جولائی (ہ س)۔ سابق وزیر اعلیٰ کے چندرشیکھرراؤ(کے سی آر)کی جانب سے شروع کیے گئے اہم پروگرام مشن بھاگیرتا کواب نئی سمت دینے کی کوششیں شروع ہوگئی ہیں۔ وزیرسیتااکا نے سکریٹریٹ میں مشن بھاگیرتاکے تحت دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی کے انتظامات کاجائزہ لیا۔جائزہ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری ڈی دانا کشور،مشن بھاگیرتاکے این سی سی کروپاکرریڈی کے علاوہ چیف انجینئرز(سی ای ایس) اورسپرنٹنڈنگ انجینئرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کی باقاعدہ فراہمی اورعوام کو بروقت معلومات فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات پرتبادلہ خیال کیاگیا۔ حکام کے مطابق ہرگاؤں کے لیے الگ واٹس ایپ گروپس قائم کیے گئے ہیں،جن میں خواتین کے گروپس، سرپنچ، وارڈ ممبران اور پنچایت سکریٹریزکوشامل کیا گیا ہے۔ ان واٹس ایپ گروپس کے ذریعے گاؤں میں پانی کی فراہمی کے شیڈول سے متعلق معلومات وقتاً فوقتاً فراہم کی جائیں گی، تاکہ عوام کو پانی کی دستیابی کے اوقات کے بارے میں بروقت آگاہ کیا جاسکے۔ وزیرسیتااکاکی جانب سے مشن بھاگیرتا کے کام کاجائزہ ایسے وقت میں لیا گیاہے جب وہ ماضی میں اس منصوبے کولےکرسابق حکومت اورکے سی آرپرتنقید کرتی رہی ہیں۔ تازہ جائزے سے ظاہرہوتا ہے کہ حکومت اب دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی کے نظام کومزید مؤثربنانے پرتوجہ دے رہی ہے۔
۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق