
راج گڑھ، 25 جولائی (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے راج گڑھ ضلع میں ہفتے کے روز دوپہر تیز رفتار کار بے قابو ہو کر ڈیم میں گر گئی۔ حادثے میں کار میں سوار تمام پانچوں افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
کھجنیر تھانہ پولیس کے مطابق، شاجاپور ضلع کے پڑوسی گاوں ارنڈیا خورد اور ارنڈیا کے رہنے والے پانچ دوست ہفتے کی صبح تقریباً آٹھ بجے سوئفٹ کار سے راجستھان میں واقع کھاٹو شیام جی کے درشن کے لیے نکلے تھے۔ راستے میں بھیل کھیڑی جوڑ کے پاس دوپہر ان کی تیز رفتار کار بے قابو ہو کر سڑک کے کنارے واقع ڈیم میں گر گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی گاؤں والوں، پولیس اور انتظامیہ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور کرین کی مدد سے پانی میں مکمل طور پر ڈوب چکی کار کو باہر نکالا گیا، جس میں سے پانچوں دوستوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔
کھجنیر تھانہ انچارج روی ٹھاکر نے بتایا کہ کار سے پانچ افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ مہلوکین کی شناخت گووند تیواری (55 سال) ولد اوما شنکر تیواری، کمل کشور تیواری (57 سال) ولد برج کشور تیواری اور شنکر ناتھ (58 سال) تینوں ساکن گرام ارنڈیا خورد نیز اروند ورما (48 سال) اور روہت پٹیل (40 سال) دونوں ساکن گرام ارنڈیا کے طور پر ہوئی ہے۔ مہلوکین میں گووند اور کنول کشور تیواری چچازاد بھائی تھے۔
تھانہ انچارج ٹھاکر نے بتایا کہ پولیس نے تمام لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھجوایا اور پوسٹ مارٹم کے بعد تمام لاشیں لواحقین کے سپرد کر دی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی جانچ میں حادثے کی وجہ کار کی تیز رفتاری اور بے قابو ہونا مانا جا رہا ہے۔ کار میں کسی اور شخص کے سوار ہونے کے خدشے کے پیشِ نظر تالاب میں سرچ اور ریسکیو آپریشن بھی چلایا جا رہا ہے۔ پولیس نے معاملہ درج کر کے جانچ شروع کر دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن