
رانچی، 25 جولائی (ہ س)۔ جھارکھنڈ میں مانسون ایک بار پھر سرگرم ہو گیا ہے۔ ریاستی دارالحکومت رانچی سمیت پورے جھارکھنڈ میں جولائی کے دوران اچھی بارش ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ جون میں جنوب مغربی مانسون کی آمد کے بعد چند دنوں تک اس کی رفتار سست پڑ گئی تھی، لیکن اب مانسون کے دوبارہ فعال ہونے سے ریاست کے بیشتر علاقوں میں مسلسل بارش ہو رہی ہے۔ محکمۂ موسمیات نے 27 اور 28 جولائی کو بھی ریاست کے بیشتر علاقوں میں اچھی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی 29 جولائی تک گرج چمک، آسمانی بجلی گرنے اور تیز ہواؤں کے پیش نظر ییلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں سب سے زیادہ 120.8 ملی میٹر بارش سمڈیگا ضلع میں ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ کولیبیرا میں 59.4 ملی میٹر، مسانجور میں 43.2 ملی میٹر، گھاٹ شِلا میں 32.6 ملی میٹر، رانچی میں 26.3 ملی میٹر، ضلع کھونٹی کے رنیا میں 22.8 ملی میٹر اور ہزاری باغ میں 21.5 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔ ریاست کے دیگر کئی علاقوں میں بھی درمیانی سے اچھی بارش ہوئی۔
محکمۂ موسمیات نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 29 جولائی تک ریاست کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ آسمانی بجلی گرنے اور 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ اس کے پیش نظر لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ خراب موسم کے دوران احتیاط برتیں اور بلا ضرورت کھلے مقامات پر جانے سے گریز کریں۔
ہفتہ کو رانچی اور اطراف کے علاقوں میں صبح سے آسمان پر بادل چھائے رہے، تاہم دوپہر کے بعد موسم صاف ہو گیا اور دھوپ نکلنے سے حبس میں اضافہ ہو گیا۔ بارش نہ ہونے کے باعث لوگوں نے دن بھر گرمی محسوس کی۔ اس دوران ریاستی دارالحکومت میں زیادہ سے زیادہ 95 فیصد نمی ریکارڈ کی گئی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں سب سے زیادہ درجۂ حرارت پاکوڑ میں 33.4 ڈگری سیلسیس جبکہ سب سے کم درجۂ حرارت لاتیہار میں 21.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
ہفتہ کو رانچی میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 28 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 23.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ جمشید پور میں زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری اور کم سے کم 25.6 ڈگری، ڈالٹن گنج میں زیادہ سے زیادہ 31.6 ڈگری اور کم سے کم 25.9 ڈگری، بوکارو میں زیادہ سے زیادہ 31.1 ڈگری اور کم سے کم 25.5 ڈگری جبکہ چائباسا میں زیادہ سے زیادہ 28.8 ڈگری اور کم سے کم 25 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد