
اتر پردیش میں 2047 تک ایس پی کی حکومت نہیں آنے والی : کیشو پرساد موریہ
لکھنؤ، 25 جولائی (ہ س)۔ اترپردیش کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ نے ہفتے کے روز اندرا گاندھی پرتشٹھان میں منعقدہ ’سنکلپ دیوس‘ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سال 2027 کی فکر نہیں ہے، کیونکہ 2047 تک ملک میں نہ کانگریس آنے والی ہے اور نہ اتر پردیش میں سماجوادی پارٹی (ایس پی) آنے والی ہے۔ وزیر دارا سنگھ چوہان کی سالگرہ کے موقع پر سنکلپ دیوس تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس پروگرام میں پوری ریاست سے آئے چوہان سماج کی جانب سے مرکزی وزیر مملکت برائے ماليات و ریاستی بی جے پی صدر پنکج چودھری، نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ، نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک اور سبھاایس پی صدر اوم پرکاش راجبھر کو اعزاز سے نوازا گیا۔
اس موقع پر بولتے ہوئے کیشو پرساد موریہ نے کہا کہ بی جے پی اتحاد کو آئندہ اسمبلی انتخابات میں جیت دلائیں۔ دارا سنگھ چوہان کی طاقت اور بڑھے گی۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے ہندوستان کو ترقی یافتہ ہندوستان بنانے کا عزم کیا ہے۔ جب سے مرکز میں مودی حکومت بنی ہے، غریبوں کے لیے کام ہوا ہے۔ نوجوانوں کے روشن مستقبل اور خواتین کی بااختیاری کے لیے کام ہوا ہے۔
کیشو پرساد موریہ نے کہا کہ سماجوادی پارٹی کے دورِ حکومت میں مظالم ہوئے ہیں۔ اسے ریاست کے لوگ بھولے نہیں ہیں۔ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں ووٹروں کو گمراہ کر کے کچھ نشستیں ایس پی کو ضرور مل گئیں۔ اس کے بعد ہریانہ، مہاراشٹر، دہلی، آسام، بہار اور بنگال میں اسمبلی انتخابات ہوئے، ہر جگہ بی جے پی کی حکومت بنی۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کانگریس اور ایس پی کی چال ڈھال ایک جیسی ہے۔ دونوں کی بنیاد خاندانی ہونے کے باعث ان کا چال چلن، کردار اور چہرہ ایک جیسا ہے۔ ایسی حالت میں دونوں کے لیے ملک اور پارٹی سے بڑا اپنا خاندان ہے۔ اس سے ہٹ کر سوچنے میں دونوں خاندانوں کے پیٹ میں مروڑ اٹھنے لگتی ہے۔ وزیر دارا سنگھ چوہان نے کہا کہ چوہان سماج 2027 کے اسمبلی انتخابات میں ریاست میں دوبارہ بی جے پی کی حکومت بنا کر اپنا عزم پورا کرے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن