
اے ایم یو کے پوسٹ گریجویٹ طالب علم سی ڈی ای ای ایس کے باوقار تحقیقی اسکالرشپ سے سرفراز
علی گڑھ، 25 جولائی (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج و اسپتال کے شعبہ پیڈیاٹرک اینڈ پریونٹیو ڈینٹسٹری کے پوسٹ گریجویٹ طالب علم مسٹر منیش کمار سنگھ کو ابتدائی عمر کے بچوں کے دانتوں کے جدید بحالی علاج سے متعلق تحقیقی تجویز پر باوقار سی ڈی ای ای ایس ریسرچ اسکالرشپ سے نوازا گیا ہے۔
ان کی تحقیقی تجویز، ''بچوں کے نچلے جبڑے کی ابتدائی داڑھوں کے لیے تھری ڈی پرنٹڈ ریزن کراؤنز اور پہلے سے تیار شدہ زرکونیا کراؤنز کا تقابلی جائزہ: ایک رینڈمائزڈ کنٹرولڈ ٹرائل'' کو سی ڈی ای ای ایس اسکالرشپ سلیکشن کمیٹی نے اس کی علمی اہمیت، اختراعی انداز اور پیڈیاٹرک ڈینٹسٹری کے شعبے میں ممکنہ مؤثر خدمات کے اعتراف میں منتخب کیا۔
یہ تحقیق شعبہ پیڈیاٹرک اینڈ پریونٹیو ڈینٹسٹری کی چیئرپرسن پروفیسر سائمہ یونس خان کی نگرانی میں انجام دی جا رہی ہے۔ اس کامیابی پر مسٹر منیش کمار سنگھ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پروفیسر سائمہ یونس خان نے کہا کہ یہ اسکالرشپ شعبے میں انجام دی جانے والی معیاری تحقیق کا اعتراف ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ مطالعہ بچوں کی دندان سازی کے شعبے میں مؤثر اور بامعنی خدمات انجام دے گا۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ