
حیدرآباد ،25 جولائی (ہ س)۔
تلنگانہ کے ضلع عادل آباد میں پولیس نے سوشل میڈیا پر مبینہ طورپراشتعال انگیزموادشیئرکرنے اور اس کی روک تھام میں ناکامی پرایک واٹس ایپ گروپ ایڈمن سمیت تین افرادکے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔عادل آباد پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں واٹس ایپ گروپ عادل آباد ٹائمس”کے ایڈمن وینوگوپال یادواورگروپ کے دوارکان راتھوڈ گجانن اوربنڈاری سنتوش کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہناہے کہ گروپ میں ایسے قابلِ اعتراض اور اشتعال انگیزپیغامات شیئرکیے گئے،جوعوام کومشتعل کرنے،خوف وہراس پھیلانے اورامن وامان کی صورتحال کومتاثرکرنے کی صلاحیت رکھتے تھے۔
پولیس کے مطابق، دونوں ارکان پرمتنازع مواد شیئرکرنے کا الزام ہے، جبکہ گروپ ایڈمن پر یہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے ایسے پیغامات کو بروقت حذف کرنے یا ان کی تشہیر روکنے کےلیے کوئی مؤثراقدام نہیں کیا۔ ڈی ایس پی جیون ریڈی نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمزکوغیرقانونی سرگرمیوں یا فرقہ وارانہ کشیدگی اور بدامنی پھیلانے کے لیے استعمال نہیں کیا جاناچاہیے۔
انہوں نے خبردارکیاکہ واٹس ایپ گروپ ایڈمنزکی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے گروپس میں ہونے والی سرگرمیوں پرنظررکھیں اورکسی بھی اشتعال انگیزیاامن عامہ کے لیے خطرہ بننے والی پوسٹ کو فوری طورپرحذف کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ڈی ایس پی نے عوام سے بھی اپیل کی کہ اگر انہیں سوشل میڈیا پر کوئی مشکوک یا اشتعال انگیز مواد نظر آئے تو اسے آگے شیئر کرنے کے بجائے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق