
نئی دہلی، 25 جولائی (ہ س):۔
نیٹ-یو جی سوالیہ پرچہ لیک تنازعہ اور طلباء کے خلاف پولیس کارروائی پر ملک گیر احتجاج کے درمیان، کانگریس نے مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کو طلباء اور نوجوانوں کی جیت قرار دیا۔ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے کہا کہ دھرمیندر پردھان کا استعفیٰ تعلیمی نظام کی بحالی کی جانب ایک بڑا قدم ہے، لیکن جدوجہد ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو طلباء سے معافی مانگنی چاہئے اور طلباء کے خلاف تشدد کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں راہل گاندھی نے کہا کہ دھرمیندر پردھان تعلیمی نظام کے زوال کی علامت بن چکے ہیں، اور ان کا استعفیٰ ایک اہم اور علامتی قدم ہے۔ انہوں نے ملک بھر کے طلباء اور نوجوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ جمہوریت، آئین اور اپنے مستقبل کے تحفظ کے لیے سڑکوں پر نکلے، جس پر انہیں فخر ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ دو مطالبات باقی ہیں: پہلا، طلباء کے خلاف لاٹھی چارج، تشدد اور دیگر کارروائیوں کو انجام دینے والوں کا جوابدہ ہونا چاہئے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے۔ دوسرا، وزیر اعظم نریندر مودی کو طلباء کے احترام اور ملک کے مستقبل کے لیے کھلے عام معافی مانگنی چاہیے۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے وزیر تعلیم کے استعفیٰ کو ہندوستان کے نوجوانوں کی تاریخی فتح قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں نے اپنے حقوق کے لیے عدم تشدد سے جنگ لڑی اور حکومت کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کیا۔ مظاہرین کے خلاف پیلٹ گن، آنسو گیس اور لاٹھی چارج کے استعمال کے باوجود نوجوان پیچھے نہیں ہٹے۔ پرینکا نے کہا کہ جمہوریت میں عوام کی مرضی سب سے اوپر ہوتی ہے اور کوئی بھی حکومت یا لیڈر عوام کی آواز کو ہمیشہ کے لیے دبا نہیں سکتا۔
انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی نے طویل عرصے سے پیپر لیک اور امتحانی نظام میں بے ضابطگیوں کا مسئلہ اٹھایا ہے، اور کانگریس پارٹی نے، این ایس یو آئی اور یوتھ کانگریس کے ذریعے طلباء کی تحریک کی مسلسل حمایت کی ہے۔ پرینکا نے کہا کہ یہ ابھی شروعات ہے، اور تعلیمی نظام میں جامع اصلاحات کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔
کانگریس کے میڈیا اور پبلسٹی ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین پون کھیڑا نے یہاں کانگریس ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک کے طلباء، نوجوانوں اور بے روزگاروں نے اپنی جدوجہد سے وزیر تعلیم کو استعفیٰ دینے پر مجبور کیا ہے۔ دھرمیندر پردھان ناقص تعلیمی نظام، بے روزگاری، تعلیمی شعبے میں بدعنوانی، پولیس کی مبینہ بربریت اور حکومت کی بے حسی کی علامت بن چکے تھے۔
پون کھیڑا نے کہا کہ لڑائی صرف ایک وزیر کے استعفیٰ تک محدود نہیں ہے بلکہ اس پورے نظام کے خلاف ہے جس نے تعلیمی نظام کو بحران میں ڈال دیا ہے۔ طلبہ پر مبینہ تشدد کا احتساب ہونا چاہیے، وزیراعظم قوم سے معافی مانگیں۔ کانگریس اور طلبہ تنظیمیں اس وقت تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی جب تک کہ تعلیمی نظام میں جامع اصلاحات نافذ نہیں کی جاتیں اور طلبہ کے تمام اہم مطالبات پورے نہیں ہوجاتے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ