
جموں،25 جولائی (ہ س)۔
بھارتی فوج نے قدرتی آفت کے دوران شہریوں کی مدد کے لیے ضلع پونچھ کے دوردرازاورسیلاب سے متاثرہ مرہوٹ علاقے میں امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔ شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث علاقے میں بنیادی خدمات متاثر ہونے کے بعد فوج نے خصوصی طبی ٹیمیں تعینات کردی ہیں۔ موبائل طبی ٹیموں نے متاثرہ اور ضرورت مند افراد تک پہنچ کر انہیں طبی معائنہ، ضروری ادویات اور ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
فوجی ٹیموں نے خراب موسمی حالات کے باعث مشکلات کا سامنا کرنے والے شہریوں کو ان کے گھروں تک طبی سہولیات پہنچائیں۔ فوج کے مطابق قدرتی آفات کے دوران مقامی آبادی کی مدد اور انہیں ضروری طبی و امدادی سہولیات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر