
بیڑ، ممبئی ، 25 جولائی (ہ س): بیڑ ضلع کے چوپن واڑی گاؤں میں ایک افسوسناک حادثے میں نوجوان کسان پرلہاد ڈسلے کھیت کے تالاب میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ اس حادثے کے بعد پورے گاؤں میں سوگ کی لہر دوڑ گئی اور اہل دیہات نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ پرلہاد ڈسلے نے کم عمری میں ہی اپنے والد کو کھو دیا تھا، جس کے بعد ان کی پرورش دادا اور چچا نے کی۔ محنتی اور جفاکش ہونے کے باعث انہوں نے کم عمری ہی میں کھیتی باڑی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں اور اپنے خاندان کا مضبوط سہارا بن گئے تھے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق پرلہاد ڈسلے نے دن بھر اپنے کھیت کے تالاب کے پانی سے کپاس کی فصل پر دوا کا چھڑکاؤ کیا۔ کام مکمل ہونے کے بعد وہ تالاب کے قریب ہاتھ اور پاؤں دھو رہے تھے کہ اچانک پاؤں پھسلنے سے پانی میں جا گرے۔ تالاب میں پانی زیادہ ہونے کے باعث وہ باہر نہ نکل سکے اور ڈوبنے سے موقع پر ہی ان کی موت ہو گئی۔ اطلاع ملتے ہی مقامی افراد جائے وقوع پر پہنچے، تاہم انہیں بچایا نہ جا سکا۔
اس افسوسناک حادثے کے بعد چوپن واڑی اور اطراف کے علاقوں میں سوگ کی فضا ہے۔ پرلہاد ڈسلے کے اچانک انتقال سے ان کے اہل خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا، جبکہ گاؤں والوں نے مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے تعزیت اور صبر و حوصلے کی تلقین کی۔ نوجوان کسان کی اچانک موت سے پورا علاقہ غم میں ڈوب گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے