آسام سیلاب: 11 اضلاع کے 7 لاکھ افراد متاثر، مزید چھ لاشیں برآمد
آسام سیلاب: 11 اضلاع کے 7 لاکھ افراد متاثر، مزید چھ لاشیں برآمد گواہاٹی، 24 جولائی (ہ س)۔ آسام میں مسلسل بارش کی وجہ سے سیلاب سے حالات انتہائی سنگین ہوگئے ہیں۔ آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (اے ایس ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری گزشتہ 23 جو
آسام میں سیلاب کا منظر


آسام سیلاب: 11 اضلاع کے 7 لاکھ افراد متاثر، مزید چھ لاشیں برآمد

گواہاٹی، 24 جولائی (ہ س)۔

آسام میں مسلسل بارش کی وجہ سے سیلاب سے حالات انتہائی سنگین ہوگئے ہیں۔ آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (اے ایس ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری گزشتہ 23 جولائی کے اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں مزید 06 افراد کی موت کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس طرح ریاست میں اب تک مرنے والوں کی کل تعداد 47 ہو گئی ہے۔ آسام میں خطرے کے نشان سے اوپر بہنے والی ندیوں میں بوڑھی دہنگ (چینیماری، کھوانگ)، دسانگ (ننگلا مورا گھاٹ)، دکھو (شیو ساگر)، دھنسیری (نومالی گڑھ)، کوشیارا (شری بھومی) شامل ہیں۔

گزشتہ جمعرات کی رات ہوئی بھاری بارش کے باعث گواہاٹی کے نشیبی علاقوں میں بہت زیادہ پانی جمع ہونے کی صورتِ حال پیدا ہو گئی۔ سڑکوں پر پانی بھر جانے سے ٹریفک متاثر ہوئی، جس کے باعث لوگوں کو اپنے گھر پہنچنے کے لیے مختلف علاقوں میں جام میں دیر تک پھنسے رہنا پڑا۔ پانی جمع ہونے کا اثر آج بھی گواہاٹی کے مختلف حصوں میں نظرآرہا ہے۔

وزیر اعلیٰ ڈاکٹر ہمت بسوا سرما خود سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرہ شیو ساگر، چرائے دیو اور جوڑہاٹ اضلاع کا بدھ کے روز دورہ کرنے کے بعد جمعرات کو گولا گھاٹ اور ڈبرو گڑھ اضلاع میں بنائے گئے راحت کیمپوں اور متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے صورتِ حال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متاثرین سے ملاقات کر کے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔ وہیں، آسام حکومت کے وزراء بمل بورا، کیشو مہنت، اجنتا نیوگ، اتل بورا اور اراکینِ اسمبلی مسلسل سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے لوگوں کو راحت پہنچانے کے کام میں مصروف ہیں۔

سیلاب سے اس وقت کل 11 اضلاع متاثر ہوئے ہیں، جن میں گولا گھاٹ، ہوجائی، کامروپ، چرائے دیو، جوڑہاٹ، ڈبرو گڑھ، شیو ساگر، ناگاوں، کامروپ (میٹرو)، کاربی آ نگلونگ، تنسکیا شامل ہیں۔ سیلاب سے 11 اضلاع کے 37 ریونیو سرکلز کے کل 883 گاوں متاثر ہیں۔ ریاست کی کل 7,21,024 آبادی اور 25,375.443 ہیکٹر زرعی زمین پانی میں ڈوبی ہوئی ہے۔

ریاستی حکومت نے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے کل 103 راحت کیمپ اور 255 راحت تقسیم مراکز سمیت کل 358 کیمپ قائم کیے ہیں۔ راحت کیمپوں میں 24,124 لوگ پناہ لیے ہوئے ہیں، جبکہ راحت تقسیم مراکز پر 2,39,864 غیر کیمپ رہائشی راحت حاصل کر رہے ہیں۔

سیلاب کے پانی سے 23 جولائی کو برآمد ہونے والی لاشوں کی تعداد 06 درج کی گئی۔ جن میں چرائے دیو میں 02 اور شیو ساگر میں 04 لاشیں برآمد ہوئیں۔ سیلاب سے متاثرہ مویشیوں کی کل تعداد 3,71,609 درج ہوئی ہے، جس میں بڑے 1,10,393، چھوٹے 78,107 اور مرغی خانے (پولٹری) 1,83,109 درج ہوئے ہیں۔ اس دوران سیلاب کے پانی میں کل 154 مویشی بہہ گئے، جن میں جوڑہاٹ ضلع میں 23 اور چرائے دیو ضلع میں 131 مویشی پانی میں بہہ گئے ہیں۔

سیلاب میں راحت اور بچاو مہم میں ایس ڈی آر ایف، ڈی ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف، پولیس، فائر بریگیڈ اور ہنگامی خدمات، سرکل آفس/مقامی انتظامیہ، سول ڈیفنس/تربیت یافتہ رضاکار اور فائر بریگیڈ کا شعبہ مصروف ہے۔ وہیں جزوی طور پر 8 کچے مکانات کو بھی جمعرات کے روز نقصان پہنچنے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔

اس دوران سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریاستی حکومت نے کل 173 میڈیکل ٹیموں کو تعینات کیا۔ اس دوران 80 کشتیاں بھی راحت کے کام میں جٹی رہیں۔ سیلاب کے پانی میں پھنسے 4,455 لوگوں کو کشتیوں کے ذریعے نکالا گیا۔ وہیں 05 مویشیوں کو بھی کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا۔ سیلاب سے بری طرح متاثرہ شیو ساگر ضلع میں راحت کے کام میں 1 ہیلی کاپٹر کو بھی تعینات کیا گیا۔

سیلاب متاثرین کے درمیان ریاستی حکومت کی جانب سے چاول (کوئنٹل میں): 2,539.523، دال (کوئنٹل میں): 551.383، نمک (کوئنٹل میں): 107.0165، سرسوں کا تیل (لیٹر میں): 8,620.92 نیز مویشیوں کا چارہ - گندم کا چوکر (کوئنٹل میں): 2,089.57 اور مویشیوں کا چارہ - چاول کا چوکر (کوئنٹل میں): 41.02 راحت سامان تقسیم کئے گئے۔

سیلاب سے بڑے پیمانے پر سڑک، پل اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے۔ اس کو لے کر بجٹ سیشن میں اپوزیشن حکومت سے بحث کا مطالبہ کر رہی ہے۔ وہیں اسپیکر اسمبل رنجیت داس نے کہا ہے کہ جلد ہی ایوان میں سیلاب کو لے کر تفصیل سے بحث کی جائے گی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande