
حیدرآباد کے بلدی کارپوریشنوں کے ترقیاتی کاموں کی عاجلانہ تکمیلحیدرآباد، 24 جولائی (ہ س)۔
وزیراعلی ریونت ریڈی نے گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن، ملکاجگیری اورسائبرآباد کمشنریٹس کے حدود میں جاری ترقیاتی کاموں کی عاجلانہ تکمیل کی عہدیداروں کوہدایت دی۔ وزیراعلی نے کوراربن ریجن کے تحت ترقیاتی کاموں کا اعلیٰ سطحی اجلاس میں جائزہ لیا۔ سکریٹری بلدی نظم ونسق سری دیوی ،وزیراعلی کے سکریٹری مانک راج ،کمشنرجی ایچ ایم سی آروی کرنن،سائبرآباد میونسپل کمشنرجی سریجنااورملکاجگیری کمشنرونئے کرشناریڈی کے علاوہ کمشنرحیڈرارنگناتھ اوردیگر عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلی نے عہدیداروں کوہدایت دی کہ کسی بھی پروجیکٹ کیلئے اراضی حصول کی تکمیل تک ٹنڈرجاری نہ کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ اراضیات کے حصول کو موثر بنانے کیلئے اسپیشل آفیسر کا تقررکیاگیاہے۔ وزیراعلی نے جی ایچ ایم سی،ملکاجگیری اور سائبرآباد کمشنریٹ میں ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کیلئے متعلقہ محکمہ جات کے ساتھ مشترکہ رابطہ اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت دی تاکہ محکمہ جات کے درمیان بہترتال میل کے ذریعہ پروجیکٹس کو تیزی سے مکمل کیا جاسکے۔ وزیراعلی نے سائبرآباد میں سابق وزیراعظم ڈاکٹرمنموہن سنگھ کے مجسمہ کی تنصیب اورجنکشن کے تعمیری کاموں کوجلد مکمل کرنے ایچ ایم ڈی اےکو ہدایت دی۔ وزیراعلی نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اربن مینجمنٹ کی مجوزہ عمارت اورملکاجگیری میونسپل کارپوریشن کی نئی عمارت کے ڈیزائن کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ڈیزائن میں تبدیلی کی تجاویز پیش کی۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق