
نئی دہلی، 24 جولائی (ہ س)۔ سپریم کورٹ نے منی پور تشدد سے متعلق معاملوں کی سماعت میں تیزی لانے کے لیے فاسٹ ٹریک عدالتوں میں روزانہ سماعت کیصلاح دی ہے۔ چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ نے تفتیشی ایجنسیوں کو زیر التوا تحقیقات کو جلد از جلد مکمل کرنے اور متاثرین کو چارج شیٹ کی کاپیاں ایک ہفتہ کے اندر فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ عدالت نے اس معاملے پر اسٹیٹس رپورٹ طلب کی ہے۔
سماعت کے دوران، عدالت نے نوٹ کیا کہ بہت سے متاثرین اور ان کے اہل خانہ کو سی بی آئی اور ایس آئی ٹی کے ذریعہ داخل کردہ چارج شیٹ کی کاپیاں نہیں ملی ہیں۔ اس کے بعد عدالت نے متاثرین کی نمائندگی کرنے والے اسٹیٹ لیگل ایڈ اتھارٹی کے وکلا کو چارج شیٹ کی کاپیاں حاصل کرنے کے لئے گوہاٹی ہائی کورٹ اور منی پور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے دفاتر سے رابطہ کرنے کی اجازت دے دی ۔ عدالت نے تفتیشی اداروں کو ایک ہفتے میں متاثرین کو چارج شیٹ کی نقول فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
سپریم کورٹ نے متاثرین کی بحالی اور بہبود کے لیے جسٹس گیتا متل کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی تھی۔ اس کمیٹی میں جسٹس گیتا متل کے علاوہ جسٹس شالنی جوشی اور آشا مینن کوبھی شامل کیا گیاتھا۔ عدالت نے سابق آئی پی ایس افسر دتاتریہ پدسالگیکر کو سی بی آئی تحقیقات کی نگرانی کے لیے مقرر کیا تھا۔ منی پور میں مئی 2023 میں شروع ہونے والے تشدد میں دو سو سے زیادہ لوگ اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ ہزاروں بے گھر ہوگئے اور کئی زخمی ہوئے۔یہ تشدد تب پھوٹ پڑا،جب میتیئی کمیونٹی کو درج فہرست ذات کا درجہ دینے کے مطالبے کے خلاف احتجاج کیا گیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد