ٹی-20 سیریز جیتنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گا ہندوستان، زمبابوے کے سامنے واپسی کا چیلنج
ٹی-20 سیریز جیتنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گا ہندوستان، زمبابوے کے سامنے واپسی کا چیلنج ہرارے، 24 جولائی (ہ س)۔ کپتان شریس ایر کی قیادت میں پہلی جیت درج کرنے کے بعد ہندوستانی ٹیم ہفتے کے روز زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی-20 مقابلے میں فتح حاصل کر
ٹی-20 سیریز جیتنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گا ہندوستان، زمبابوے کے سامنے واپسی کا چیلنج


ٹی-20 سیریز جیتنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گا ہندوستان، زمبابوے کے سامنے واپسی کا چیلنج

ہرارے، 24 جولائی (ہ س)۔ کپتان شریس ایر کی قیادت میں پہلی جیت درج کرنے کے بعد ہندوستانی ٹیم ہفتے کے روز زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی-20 مقابلے میں فتح حاصل کر کے تین میچوں کی سیریز اپنے نام کرنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ پہلے مقابلے میں سات وکٹوں سے ملی شاندار جیت کے ساتھ ہندوستان نے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے اور اب اس کی نظر نا قابلِ شکست برتری پر ہوگی۔

آئرلینڈ (2-0) اور انگلینڈ (4-0) کے خلاف مسلسل سیریز ہارنے کے بعد ہندوستان نے پہلے ٹی-20 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعتماد حاصل کیا۔ نوجوان سلامی بلے باز ویبھو سوریاونشی کی 19 گیندوں پر نصف سنچری اننگز اور تیز گیند باز مینک یادو کے 4 اوورز میں 18 رنز دے کر دو وکٹوں نے ہندوستان کی جیت کی بنیاد رکھی۔

126 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستان نے چھ اوورز سے بھی زیادہ قبل مقابلہ اپنے نام کر لیا۔ ویبھو کی طوفانی نصف سنچری کے علاوہ ایشان کشن نے 35 رن اور کپتان شریس ایر نے ناٹ آوٹ 28 رن کی سنجیدہ اننگز کھیلی۔ اب تمام تر نگاہیں ابھیشیک شرما پر بھی ہوں گی، جو پہلے میچ میں سستے میں آوٹ ہو گئے تھے۔ ہرارے اسپورٹس کلب میں ہی انہوں نے اپنا ٹی-20 بین الاقوامی ڈیبیو کیا تھا اور دو سال پہلے اسی میدان پر اپنے کیریئر کی پہلی ٹی-20 سنچری بھی لگائی تھی۔

پہلے میچ میں بیبھو سوریاونشی ٹی-20 بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے کم عمر میں نصف سنچری بنانے والے بلے باز بنے۔ انگلینڈ کے دورے پر مسلسل شارٹ گیندوں سے پریشان کیے جانے کے بعد ان کی یہ اننگز ان کے اعتماد کے لیے بھی انتہائی اہم رہی۔

تاہم، ہندوستانی بلے بازوں سے زیادہ ٹیم مینجمنٹ کے لیے نوجوان تیز گیند بازی اٹیک کی کارکردگی اطمینان بخش رہی۔ چیف کوچ گوتم گمبھیر کی غیر موجودگی میں ٹیم کی ذمہ داری سنبھال رہے وی وی ایس لکشمن کی رہنمائی میں گیندبازوں نے حالات کے مطابق شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

پرنس یادو نے دو وکٹیں حاصل کر کے اثر چھوڑا، جبکہ ڈیبیو کر رہے اشوک شرما نے اپنی تیز رفتار سے متاثر کیا، اگرچہ انہیں وکٹ نہیں ملی۔ سب سے بڑی راحت مینک یادو کی کامیاب واپسی رہی، جنہوں نے تقریباً دو سال بعد چوٹ سے ابھر کر بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کرتے ہوئے شاندار گیند بازی کی۔ انہوں نے زمبابوے کے اہم بلے باز برائن بینیٹ کو بہترین گیند پر آوٹ کر کے اپنے تسلسل کا تعارف دیا۔

میزبان زمبابوے پہلے میچ میں پاور پلے کے دوران مسلسل وکٹیں گنوانے اور ہندوستانی تیز گیند بازوں کی رفتار کا سامنا نہ کر سکا۔ 26 رنز پر تین وکٹیں گنوانے کے بعد ٹیم 125/7 تک ہی پہنچ سکی، جو چیلنجنگ اسکور ثابت نہیں ہوا۔

تین میچوں کی اس مختصر سیریز میں دوسرے اور تیسرے مقابلے کے درمیان کوئی وقفہ نہیں ہے۔ آخری ٹی-20 اتوار کو بھی ہرارے میں ہی کھیلا جائے گا۔ ایسے میں زمبابوے کے لیے سیریز بچانے اور ہندوستان کے لیے سیریز جیتنے کے نقطۂ نظر سے ہفتے کا مقابلہ انتہائی اہم ہوگا۔

میچ کا وقت: ہندوستانی وقت کے مطابق شام 4.30 بجے۔

دونوں ٹیمیں:

ہندوستان: شریس ایر (کپتان)، ایشان کشن (وکٹ کیپر)، پربھ سمرن سنگھ (وکٹ کیپر)، ویبھو سوریاونشی، تلک ورما (نائب کپتان)، ابھیشیک شرما، شیوم دوبے، ہرش دوبے، سوریا نش شیڈگے، رنکو سنگھ، اشوک شرما، پرنس یادو، روی بشنوئی، مینک یادو، یش ٹھاکر۔

زمبابوے: سکندر رضا (کپتان)، بین کرن، انوسنٹ بائیا، تدیواناشے مارومانی (وکٹ کیپر)، ڈیون مائرس، تفادزوا تسیگا (وکٹ کیپر)، برائن بینیٹ، ریان برل، برَیڈ ایوانس، ویسلی مدھویرے، تناکا چیوانگا، ویلنگٹن مساکادزا، بلیسنگ مزاربانی، رچرڈ نگراوا، نیومین نیامہوری۔

ہندوستھان سماچار

--------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande