
بات چیت، معاوضہ اور پرامن مظاہرہ کرنے والے طلبہ پر کارروائی نہیں ہوگی، حکومت نے یقین دہانی کرائی: سونم وانگچک نے توڑا انشن
نئی دہلی، 24 جولائی (ہ س)۔
ماہرماحولیات اورسماجی کارکن سونم وانگچک نے دیررات اپنا 26 دنوں سے جاری انشن توڑ دیا۔ اس سلسلے میں انہوں نے ایک ویڈیو جاری کر کے کہا ہے کہ ملک میں جواب دہی طے ہونی چاہیے۔ انہوں نے حکومت کے ساتھ ہوئی بات چیت اور یقین دہانی کی معلومات بھی دی ہیں۔ تاہم، اس میں مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کی بات شامل نہیں ہے۔
سونم وانگچک کا کہنا ہے کہ حکومت اور دیگر پارٹیوں کے رہنماوں نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ پارلیمنٹ میں امتحانی نظام کی ناکامی کی جواب دہی طے کرنے کے لیے بات چیت ہوگی۔ ساتھ ہی حکومت نیٹ امتحان پیپر لیک کی وجہ سے خودکشی کرنے والے طلبہ کے لواحقین کو مناسب معاوضہ دے گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حکومت نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ پرامن طریقے سے مظاہرہ کرنے والے طلبہ اور نوجوانوں کے خلاف کوئی کیس یا مقدمہ درج نہیں ہوگا۔
اسی دوران ایسی اطلاع ملی ہے کہ حکومت جنتر منتر پر تحریک چلانے والے سی جے پی رہنماوں سے کانسٹی ٹیوشنل کلب میں بات چیت کر سکتی ہے۔ حکومت اور بی جے پی کی جانب سے اس سلسلے میں ابھی کوئی سرکاری بیان نہیں آیا ہے۔
وہیں، سی جے پی کی قیادت کر رہے ابھیجیت دیپکے نے کہا ہے کہ دھرمیندر پردھان کے استعفے تک ان کی تحریک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ سونم وانگچک کی قربانی کو یوں ہی ضائع نہیں ہونے دیں گے۔
قابلِ ذکر ہے کہ سونم وانگچک نے دیر رات مرکزی وزیر جے پی نڈا اور ڈاکٹر جتیندر سنگھ کی موجودگی میں اپنا گزشتہ 26 دن سے جاری انشن ختم کر دیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن