
نئی دہلی، 24 جولائی (ہ س)۔ ہندوستانی شوٹر سنیم نے چین کے ہانگزومیں جاری آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ رائفل/پستول/ شاٹ گن مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خواتین کے 10 میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ٹورنامنٹ میں ہندوستان کے تمغوں کا کھاتہ بھی کھول دیا ہے۔
فائنل میں، سنیم نے دباو¿ کے درمیان شاندار استقامت اور مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 243.4 پوائنٹس حاصل کئے اور دوسرے نمبر پر رہتے ہوئے چاندی کا تمغہ جیتا۔ یہ ان کے کیریئر کا دوسرا آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ چاندی کا تمغہ ہے، جو بین الاقوامی سطح پر ان کی مسلسل بہتر کارکردگی کا ثبوت ہے۔
اس سے قبل کوالیفکیشن راو¿نڈ میں، سنیم نے 579 کے اسکور کے ساتھ فائنل میں جگہ حاصل کی تھی۔ انہوں نے پورے کوالیفکیشن راونڈکے دوران درست شوٹنگ کا مظاہرہ کیا اور فائنل میں اس رفتار کو برقرار رکھتے ہوئے مقابلہ کا ہندوستان کا پہلا تمغہ حاصل کیا۔
ہانگزو میں ہونے والے اس باوقار عالمی سطح کے مقابلے میں ہندوستانی نشانے بازوں سے مزید کئی تمغے جیتنے کی امید ہے۔ سنیم کے چاندی کے تمغے نے ہندوستانی دستے کے حوصلے بلند کیے اور ٹورنامنٹ کو ایک مثبت آغاز فراہم کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد