
جموں،24 جولائی (ہ س)۔
ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے گورنمنٹ بوائزہائراسیکنڈری اسکول راجوری اورجواہرنگر میں قائم ریلیف مراکز کا دورہ کرکے وہاں فراہم کی جا رہی سہولیات کا جائزہ لیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق گورنمنٹ بوائز ہائر اسیکنڈری اسکول راجوری میں قائم ریلیف مرکز میں 95 متاثرہ خاندانوں کے 425 افراد کو عارضی رہائش فراہم کی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے متاثرین سے ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور انتظامات کا معائنہ کیا۔
متاثرہ افراد نے ضلع انتظامیہ کی جانب سے خوراک، پینے کے صاف پانی، بجلی، صفائی، طبی سہولیات اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ ریلیف مراکز میں تمام ضروری سہولیات کی فراہمی بلا تعطل جاری رکھی جائے اور متاثرہ خاندانوں کی ضروریات پر فوری توجہ دی جائے۔اس موقع پر ڈی ایس ای او اور ریلیف مرکز کے نوڈل آفیسر سندیپ شرما نے ڈپٹی کمشنر کو مراکز میں کیے گئے انتظامات سے آگاہ کیا۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے جواہر نگر میں قائم ریلیف مرکز کا بھی دورہ کیا اور وہاں مقیم متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کرکے انہیں یقین دلایا کہ حالات معمول پر آنے تک ضلعی انتظامیہ ہر ممکن مدد فراہم کرتی رہے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر