گجرات میں موسلا دھار بارش سے معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے،کئی اضلاع میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہو گئی
احمد آباد/گاندھی نگر، 24 جولائی (ہ س)۔ گجرات میں مسلسل موسلا دھار بارش نے معمولات زندگی کو درہم برہم کر دیا ہے۔ جنوبی گجرات میں کئی مقامات پر سیلاب جیسی صورتحال ہے۔ این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، آرمی، اور ہندوستانی فضائیہ کی ٹیمیں راحت اور بچاو¿
Rain-havoc-continues-Gujarat


احمد آباد/گاندھی نگر، 24 جولائی (ہ س)۔ گجرات میں مسلسل موسلا دھار بارش نے معمولات زندگی کو درہم برہم کر دیا ہے۔ جنوبی گجرات میں کئی مقامات پر سیلاب جیسی صورتحال ہے۔ این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، آرمی، اور ہندوستانی فضائیہ کی ٹیمیں راحت اور بچاو¿ کے کاموں کے لیے تعینات ہیں۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے کئی اضلاع میں ریڈ اور اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ جمعہ کی صبح 6 بجے سے شام 4 بجے تک ریاست کے 250 تعلقہ میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ 10 انچ بارش پٹن ضلع کے رادھن پور میں اور 9 انچ سانتل پور میں ریکارڈ کی گئی۔ واو- تھراد کے بھابھر اور دیودر میں 7 انچ بارش ہوئی، جب کہ 16 تعلقوں میں 3 سے 6 انچ اور 90 تعلقوں میں 1 سے 2 انچ بارش ریکارڈ کی گئی۔

جنوبی گجرات میں سیلاب کی صورتحال بدستور سنگین ہے۔ سورت سے 2 اور نوساری سے 4 لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ تاہم ابھی تک مرنے والوں کی کوئی سرکاری تصدیق موصول نہیں ہوئی ہے۔ نوساری ضلع میں راحت اور بچاؤ کی کارروائیوں کے لیے این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، خصوصی فوجی ٹیم اور ہندوستانی فضائیہ کی مدد لی جا رہی ہے۔ گندیوی تعلقہ کے بھاٹ گاؤں کے قریب جھینگافارممیں پھنسے 30 سے زائد افراد کو ہندوستانی فضائیہ کے ہیلی کاپٹر کی مدد سے بحفاظت نکال لیا گیا۔ سیلاب کی وجہ سے ایک ہزار سے زائد گاڑیوں کے تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔ جنوبی گجرات کی بندرگاہوں پر ایل سی -3 وارننگ سگنل جاری کر دیا گیا ہے۔

جام نگر ضلع کے کالاوڈ علاقے میں گاؤں والوں نے ٹریکٹر اور رسیوں کا استعمال کرتے ہوئے بڑھتے ہوئے پانی میں پھنسی کار کو کھینچ کر ایک بڑا سانحہ ٹالا۔ دریں اثنا، راجکوٹ ضلع میں، ویرپور جانے والی گونڈل-جیٹ پور قومی شاہراہ پر سیلابی پانی میں بہہ جانے کے بعد دو لوگوں کی تلاش جاری ہے۔

موسلا دھار بارش کی وجہ سے احمد آباد راجکوٹ قومی شاہراہ پر باولا کے قریب پانی بھر گیا، جس سے بگودرا سے سناتھل تک سڑک بند ہوگئی۔ پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیموں نے گیلوپس پارک کے علاقے میں سیلاب کے پانی میں پھنسے ہوئے تقریباً 900 لوگوں کو بچایا۔ ٹریفک میں خلل کی وجہ سے حکام نے گاڑیوں کو ویجلکا کے راستے دھولیرا ایکسپریس وے کی طرف موڑ دیا۔

احمد آباد شہر میں مسلسل بارش کی وجہ سے کئی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے۔ فائر بریگیڈ نے کھوکھرا جڈیجا کارنر کے قریب پانی میں پھنسی بس سے 55 مسافروں کو بچا یا۔ نکول علاقے میں مدھومالتی ہاو¿سنگ اسکیم میں پانی جمع ہونے سے ایک ہزار سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں، جب کہ شیلا علاقے میں کئی گاڑیاں پانی میں ڈوب گئی ہیں۔ شہر کے 17 میں سے 9 انڈر پاس کھول دیے گئے ہیں جب کہ 8 تاحال بند ہیں۔

ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے 10 اضلاع کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے، جن میں احمد آباد، موربی، بناسکانٹھا، مہسانہ اور آنند شامل ہیں، بھاری بارش کی توقع ہے۔ سورت، کچھ، راجکوٹ، سابر کانٹھا، پنچ محل اور وڈودرا سمیت 16 اضلاع کے لیے اورنج الرٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔ ساحلی علاقوں میں تیز ہواو¿ں کی وارننگ کے ساتھ ماہی گیروں کو اگلے دو دنوں تک سمندر میں نہ جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

سوراشٹرا کا سب سے بڑا شیترونجی ڈیم دوسری بار اوور فلو ہوا ہے۔ پانی کی سطح کو کنٹرول کرنے کے لیے ڈیم کے تمام 20 گیٹ ایک ایک فٹ کھول دیے گئے ہیں۔ نتیجتاً تلاجا اور پالیتانہ علاقوں کے 17 گاوں کو چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

شدید بارش کی وارننگ کے پیش نظر، احمد آباد میونسپل کارپوریشن نے 25 جولائی کو شہر کے تمام سرکاری، امداد یافتہ اور نجی اسکولوں اور کالجوں کے لیے چھٹی کا اعلان کیا ہے۔ کارپوریشن کے زیر انتظام تمام آنگن واڑیوں کو 27 جولائی تک بند رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل نے راحت اور بچاؤ کاموں کا جائزہ لینے کے لیے گاندھی نگر میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی اور انتظامیہ کو پانی بھرے علاقوں میں فوری کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔ ریاست کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے تمام ضلع پولیس افسران کو راحت، بچاؤ اور ٹریفک انتظامات کے سلسلے میں مسلسل مستعد رہنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔

ہندوستھا ن سماچار

ہندوستان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande