
خراب موسمی حالات کی وجہ سے مچیل یاترا 27 جولائی تک معطل
جموں، 24 جولائی (ہ س)۔ خراب موسمی حالات اور کشتواڑ۔پاڈر سڑک پر مٹی کے تودے ،پتھر گرنے کے واقعات کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے شری مچیل ماتا یاترا کے عام سفر کو 25 سے 27 جولائی تک عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کشتواڑ کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق اس دوران عام یاتریوں اور عوام کو کشتواڑ۔پاڈر۔گلاب گڑھ راستے سے گلاب گڑھ یا مچیل کی جانب سفر نہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تاہم 25 جولائی کو یاترا سے متعلق مذہبی رسومات مقررہ پجاریوں اور مجاز نمائندوں کی موجودگی میں انجام دی جائیں گی۔
انتظامیہ کے مطابق یاترا کی عام آمدورفت موسم میں بہتری اور سڑکوں کی صفائی کے بعد بحال کی جائے گی، جس کے لیے الگ حکم نامہ جاری کیا جائے گا۔ انتظامیہ نے یاتریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر بحال ہونے کے بعد ہی مقررہ آن لائن اندراج مکمل کرکے یاترا کا منصوبہ بنائیں اور حفاظتی چوکیوں پر مقررہ اوقات کی سختی سے پابندی کریں۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر