
سرینگر 24 جولائی (ہ س) قائد حزب اختلاف سنیل شرما نے جمعہ کو اننت ناگ دہشت گردانہ حملے میں مارے گئے پولیس اہلکار کی رہائش گاہ پر جاکر سوگوار خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے، شرما نے کہا کہ انہوں نے عظیم قربانی دی ہے اور خاندان کی دو نسلوں نے قوم کی خدمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ امت شاہ نے مقتول پولیس اہلکار کے بیٹے سے فون پر بات کی اور ان کے اہل خانہ کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ شرما نے کہا کہ خاندان نے بھی اپنے خدشات براہ راست وزیر داخلہ کے ساتھ شیئر کئے۔ امت شاہ نے انہیں یقین دلایا کہ مرکز سوگوار خاندان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے اور ہر ممکن مدد کرے گا۔ شرما نے مزید کہا کہ خاندان کی قربانی کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا اور کوشش کی جائے گی کہ کسی اسکول یا کسی اور سرکاری ادارے کا نام پولیس اہلکار کے نام پر رکھا جائے۔واضح رہے ہیڈ کانسٹیبل عاشق حسین کو بدھ کی دوپہر اننت ناگ کے لال چوک علاقے میں دہشت گردوں نے گولی مار کر ہلاک کردیاتھا۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Aftab Ahmad Mir