
جموں, 24 جولائی (ہ س)۔
جموں سرینگر قومی شاہراہ مسلسل بند رہنے کے باعث پھنسے ہوئے مسافروں کو راحت فراہم کرنے کے لیے شمالی ریلوے نے جمعہ کے روز سرینگر اور شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا کے درمیان خصوصی ٹرین چلائی، جس کے ذریعے 600 سے زائد مسافروں کو بحفاظت کٹرہ پہنچایا گیا۔ریلوے حکام کے مطابق مسلسل بارش، لینڈ سلائیڈنگ اور مختلف حساس مقامات پر پتھر گرنے کے باعث جموں-سرینگر قومی شاہراہ بند ہے، جس سے وادی کشمیر اور جموں کے درمیان سڑک رابطہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔
حکام نے بتایا کہ پھنسے ہوئے مسافروں کو محفوظ طریقے سے ان کی منزل تک پہنچانے اور انہیں درپیش مشکلات کم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر خصوصی ٹرین سروس شروع کی گئی۔ اس ٹرین کے ذریعے 600 سے زائد مسافروں کو سرینگر سے کٹرہ منتقل کیا گیا۔دوسری جانب جموں-سرینگر قومی شاہراہ کی بحالی کا کام مختلف متاثرہ مقامات پر جاری ہے، تاہم مسلسل بارش کے باعث ملبہ ہٹانے اور مرمت کا کام سست روی کا شکار ہے۔انتظامیہ نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ سفر شروع کرنے سے قبل ٹریفک اور ریلوے سے متعلق تازہ ترین ہدایات ضرور حاصل کریں، کیونکہ خراب موسمی حالات کے باعث جموں و کشمیر میں آمدورفت کا نظام اب بھی متاثر ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر