
نئی دہلی، 24 جولائی (ہ س)۔ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے سعودی عرب سے مطلوب ملزم محمد علی کنیر پلیالیل کی ملک واپسی کرائیہے۔ وہ این آئی اے کو غیر قانونی سرگرمیوں اور قتل کے معاملے میں مطلوب تھا۔ انہیں 23 جولائی کو سعودی عرب سے ہندوستان لایا گیا تھا۔
سی بی آئی نے کہا کہ ایجنسی نے وزارت خارجہ، وزارت داخلہ اور قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کے ساتھ مل کر حوالگی کو انجام دیا۔ محمد علی کنیر پلیالیل اپنے ساتھیوں کے ساتھ، مہلک ہتھیاروں سے لیس، ایک بڑی سازش کے تحت ایک شخص کی دکان میں زبردستی داخل ہوئے۔ الزام ہے کہ ملزم نے متاثرہ کو غیر قانونی طور پر روکا اور اس پر مہلک ہتھیاروں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوئی۔
این آئی اے کی درخواست پر سی بی آئی نے انٹرپول کے ذریعے ملزم کے خلاف ریڈ نوٹس جاری کیا۔ بعد ازاں سعودی عرب میں اس کی موجودگی کا سراغ لگایا گیا جس کے بعد وہاں کے حکام نے اسے گرفتار کرلیا۔
اس کے بعد بھارتی حکومت نے سعودی حکام کو حوالگی کی درخواست بھیجی۔ تمام قانونی طریقہ کار مکمل کرنے کے بعد سعودی عرب نے ملزم کو بھارت ڈی پورٹ کر دیا۔
سی بی آئی نے کہا کہ یہ آپریشن بین الاقوامی ایجنسیوں اور ہندوستانی وزارتوں کے ساتھ مل کر کامیابی کے ساتھ انجام دیا گیا۔ مزید قانونی کارروائی اب این آئی اے کرے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی