
نئی دہلی، 24 جولائی (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں اقتصادی امور کی کابینہ کمیٹی (سی سی ای اے) نے جمعہ کو کرناٹک اور آندھرا پردیش میں بلاری-گنٹکل سیکشن پر تیسری اور چوتھی لائن کے تعمیراتی پروجیکٹوں کو منظوری دی۔ اس پروجیکٹ پر 1,264 کروڑ لاگت کا تخمینہ ہے اور یہ 2028تا2029 تک مکمل ہونا ہے۔
اطلاعات و نشریات اور ریلوے کے وزیر اشونی وشنو نے یہاں نیشنل میڈیا سنٹر میں کابینہ کے فیصلوں کی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یہ پروجیکٹ پی ایم-گتی شکتی نیشنل ماسٹر پلان کے تحت تیار کیا گیا ہے، جس کا مقصد ملٹی ماڈل کنیکٹیویٹی اور لاجسٹکس کی کارکردگی کو بڑھانا ہے۔ یہ پراجیکٹ ہندوستانی ریلوے نیٹ ورک میں تقریباً 46 کلومیٹر کا اضافہ کرے گا اور تین اضلاع کے تقریباً 99 دیہاتوں کو بہتر ریل رابطہ فراہم کرے گا۔ ان دیہات کی آبادی تقریباً 700,000 ہے۔
اس منصوبے سے آئرن ایسک، ڈولومائٹ، چونا پتھر، اسٹیل، کوئلہ، کھاد اور غذائی اجناس جیسی اشیاء کی نقل و حمل کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ ایک اندازے کے مطابق اضافی مال بردار ٹریفک میں سالانہ 16.22 ملین ٹن کا اضافہ ہوگا۔ اس منصوبے سے1.32 کروڑ لیٹر تیل کی درآمد کی بچت ہوگی اور کاربن کے اخراج میں 66.7 کروڑ کلوگرام کی کمی ہوگی، جو کہ 0.27 کروڑ درخت لگانے کے برابر ہے۔
یہ پروجیکٹ بلاری قلعہ اور سری کمار سوامی مندر جیسے اہم سیاحتی مقامات تک ریل رابطے کو بھی بہتر بنائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی