
شملہ، 24 جولائی (ہ س):۔
ہماچل پردیش کے قبائلی ضلع لاہول اسپیتی میں جمعہ کے روز ایک المناک سڑک حادثے میں 13 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ادے پور تھانہ علاقے میں بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) کی مرکزی سڑک پر کڑھو نالہ–راہولی کے قریب پہاڑی سے اچانک ایک بڑی چٹان گرنے کے باعث ایک ٹاٹا سومو اس کی زد میں آ گئی۔ حادثے میں گاڑی میں سوار 13 افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو نکال کر فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ حادثے کے بعد پولیس، انتظامیہ اور مقامی لوگوں نے فوری طور پر امدادی اور بچاو¿ کارروائیاں شروع کر دیں۔
پولیس کے مطابق ٹاٹا سومو (HP-01M-2210) میں ڈرائیور سمیت کل 15 افراد سوار تھے۔ گاڑی بیر سنگھ چلا رہے تھے۔ جیسے ہی گاڑی راہولی کے قریب کڑھو نالہ کے مقام پر پہنچی، پہاڑی سے اچانک ایک بڑی چٹان نیچے آ گری اور گاڑی براہِ راست اس کی زد میں آ گئی۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ بیشتر مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ چٹان گرنے سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، زخمیوں کو نکال کر اسپتال روانہ کیا گیا۔
لاہول اسپیتی کی ڈپٹی کمشنر کرن بھڑانا نے بتایا کہ حادثے میں گاڑی میں سوار 13 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ دو افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حادثہ ضلع چمبہ کے پانگی اور ضلع لاہول اسپیتی کے سرحدی علاقے میں پیش آیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق تمام جاں بحق افراد ضلع چمبہ کے علاقے پانگی کے رہائشی تھے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہول پولیس چوکی تندی اور ادے پور تھانے کی پولیس موقع پر موجود ہے اور ضروری کارروائی کر رہی ہے۔ جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے، جس کے بعد پوسٹ مارٹم کروا کر لاشیں ورثا کے حوالے کی جائیں گی۔
یہ حادثہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب ریاست میں مسلسل بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور پہاڑوں سے چٹانیں گرنے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران پہاڑی سڑکوں پر سفر کرتے وقت انتہائی احتیاط برتیں اور حساس علاقوں میں سفر سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور معلوم کریں۔
واضح رہے کہ ریاست میں مانسون نے 30 جون کو دستک دی تھی۔ اس حادثے سے قبل بارش سے متعلق مختلف حادثات میں 75 افراد جان کی بازی ہار چکے تھے۔ لاہول اسپیتی کے اس سانحے کے بعد یہ تعداد بڑھ کر 88 ہو گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے 27 سے 29 جولائی تک ہماچل پردیش کے کئی اضلاع میں انتہائی شدید بارش کے پیش نظر اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ انتظامیہ مسلسل شہریوں کو مشورہ دے رہی ہے کہ خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے والے علاقوں سے دور رہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ