
نئی دہلی، 24 جولائی (ہ س)۔ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) دہلی کے ریاستی صدر سوربھ بھاردواج نے پیپر لیک معاملے سے متعلق ایک نیا قانون لانے اور اس پر پارلیمانی بحث کرنے کے مرکزی حکومت کے ارادے پر سوال اٹھایا ہے اور اسے طلباءکے احتجاج سے قوم کی توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کے مطالبے کو دبانے کے لیے ایک نیا مسئلہ پیدا کرنا چاہتی ہے۔
جمعہ کو جاری ایک بیان میں سوربھ بھاردواج نے کہا کہ ملک میں کسی نے بھی نئے قانون کا مطالبہ نہیں کیا ہے۔ طلباءکا ایک ہی مطالبہ ہے کہ وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان استعفیٰ دیں۔ اس تناظر میں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ حکومت اچانک ایک نیا قانون لانے اور اس پر پارلیمنٹ میں بحث کرنے کی بات کیوں کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت حقیقی طور پر کوئی قانون بنانا چاہتی ہے تو وہ آرڈیننس کے ذریعے ایسا کرسکتی ہے۔ مرکزی حکومت نے پہلے بھی وسیع بحث کے بغیر کئی اہم قوانین متعارف کروائے ہیں۔ اس لیے اس بار پارلیمانی بحث پر اصرار حکومت کی نیتوں پر شکوک پیدا کرتا ہے۔
اے اے پی لیڈر نے الزام لگایا کہ حکومت پارلیمنٹ میں حکمراں پارٹی اور اپوزیشن کے درمیان الزامات اور جوابی الزامات کا ایک دور چاہتی ہے، اس طرح جنتر منتر پر طلباء کی طرف سے کئے جانے والے احتجاج اور دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کے مطالبے کو نظر انداز کر دیا گیا ہے۔
بھاردواج نے کہاکہ مرکزی حکومت نے پہلے کئی اہم بل بشمول کسان کے قوانین اور دہلی سے متعلق قانون سازی - بغیر کسی بحث کے پیش کیے تھے ۔ اس طرح حکومت کا یہ دعویٰ کہ وہ وسیع بحث کے بعد قانون متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے حقیقت سے ہم آہنگ نہیں ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت کا مقصد پیپر لیک اور طلباء کے مطالبات سے توجہ ہٹا کر نئے قانون کی طرف توجہ دلانا ہے، اس طرح وزیر تعلیم کے استعفیٰ کے مطالبے کو کمزور کرنا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی