
نئی دہلی، 23 جولائی (ہ س) ۔
دہلی کے جنتر منتر پر احتجاج کے دوران بدھ کی رات دیر گئے کچھ شرپسندوں نے دہلی پولیس انسپکٹر پر حملہ کیا۔ حملے میں انسپکٹر نند کشور سنگھ شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر رام منوہر لوہیا (آر ایم ایل) اسپتال لے جایا گیا اور ابتدائی طبی امداد کے بعد چھٹی دے دی گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق انسپکٹر نند کشور سنگھ اس وقت نانک پورہ کے ایس پی یو ڈبلیو اے سی میں تعینات ہیں۔ کل رات انہیں جنتر منتر پر احتجاجی مقام پر مامور کیا گیا تھا۔ وہ اپنی گاڑی پارک کرنے کے بعد اپنے ڈیوٹی پوائنٹ کی طرف پیدل جا رہے تھےکہ ہجوم میں سے کچھ شرپسندوں نے انہیں گھیر لیا اور اچانک ان پر حملہ کر دیا۔
حملے میں انسپکٹر نند کشور سنگھ کے جسم کے کئی حصوں پر چوٹیں آئیں۔ الزام ہے کہ حملہ کے دوران حملہ آوروں نے ان کا دہلی پولیس کا سرکاری شناختی کارڈ (آئی کارڈ) اور سونے کی چین بھی چھین لی۔ آس پاس موجود دیگر پولیس اہلکاروں نے انہیں کسی طرح بھیڑ سے باہر نکالا اور فوری طور پر آر ایم ایل اسپتال لے گئے۔
پولیس حکام کے مطابق احتجاجی مقام اور گردونواح کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازم پر حملہ، ڈکیتی اور دیگر متعلقہ سیکشنز کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ اس واقعے کے بعد احتجاجی مقام پر سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ سینئر افسران نے زخمی انسپکٹر نند کشور سنگھ سے ملاقات کرکے ان کی خیریت دریافت کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ