
نئی دہلی، 23 جولائی (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے گجرات میں موسلادھار بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے جمعرات کو وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل سے ٹیلی فون پر بات کی۔ وزیر اعظم نے راحت اور بچاو کارروائیوں اور شہریوں کی حفاظت کے لیے مرکزی حکومت کی طرف سے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔
گجرات حکومت کے محکمہ اطلاعات کے مطابق، وزیر اعظم نے ریاست میں مسلسل موسلا دھار بارش کے درمیان راحت اور بچاو کے کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور کہا کہ مرکزی حکومت متاثرہ لوگوں کی مدد اور حفاظت کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔
اس دوران وزیراعلیٰ بھوپیندر پٹیل نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے بھی بات کی اور انہیں ریاست میں جاری راحت اور بچاو کارروائیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیر داخلہ شاہ نے گجرات کو اس سلسلے میں تمام ضروری مدد کا یقین دلایا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی