
نئی دہلی، 23 جولائی (ہ س)۔
بنگلہ دیش کے تیز گیند باز عبادت حسین آسٹریلیا کے خلاف آئندہ دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں نہیں کھیل سکیں گے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق، عبادت اپنے پہلے بچے کی پیدائش کے باعث بنگلہ دیش میں ہی رہیں گے اور ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا کا سفر نہیں کریں گے۔
بنگلہ دیش کی ٹیم 13 اگست سے ڈارون میں شروع ہونے والی دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا کا سامنا کرے گی۔ یہ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) 2025-27 سائیکل کا حصہ ہے۔ بنگلہ دیش اس وقت ڈبلیو ٹی سی پوائنٹس ٹیبل میں چوتھے نمبر پر ہے اور اس سیریز میں بہتر کارکردگی کے ساتھ اپنی پوزیشن مضبوط کرنا چاہے گا۔
تاہم، عبادت کی عدم موجودگی کے درمیان ٹیم کو کچھ راحت ملی ہے۔ فاسٹ باو¿لر تسکین احمد دورہ آسٹریلیا کی بہتر تیاری کے لیے سری لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) سے دستبردار ہو گئے ہیں۔
تسکین نے کہا کہ میرا اصل مقصد دورہ آسٹریلیا کی تیاری کرنا ہے، ہم نے زمبابوے میں لگاتار چھ میچ کھیلے، اگر میں ایل پی ایل کھیلتا اور پھر سیدھا آسٹریلیا چلا جاتا تو اس سے میری ٹیسٹ میچ کی تیاری متاثر ہوتی، اس لیے تھوڑا سا نقصان اٹھانے کے باوجود میں نے ایل پی ایل سے دستبرداری کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا جیسی ٹیسٹ سیریز اکثر نہیں آتیں۔
ناہید رانا اور لٹن داس کی فٹنس پر نظر رکھے ہوئے ہیں
بنگلہ دیش کے لیے ایک اور پریشانی فاسٹ بولر ناہید رانا کی فٹنس ہے۔ ٹیم انتظامیہ ان کے جس کے سائڈ حصے میں لگی چوٹ کی اسکین رپورٹ کا انتظار کر رہی ہے۔ وہیںتجربہ کار بلے باز لٹن داس بھی پنڈلی کی انجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور ٹیم کو امید ہے کہ وہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے دستیاب ہوں گے۔
بنگلہ دیشی ٹیم اگلے ماہ کے اوائل میں آسٹریلیا پہنچے گی اور ڈارون میں کرکٹ آسٹریلیا الیون کے خلاف تین روزہ پریکٹس میچ کھیلے گی، جس کا آغاز 3 اگست سے ہوگا۔
بلے بازوں پر اعتماد کا اظہار
بنگلہ دیش کے بیٹنگ کوچ محمد اشرفل نے زمبابوے کے خلاف حالیہ بھاری ٹیسٹ شکست کے باوجود اپنے بلے بازوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔
اشرفل کا کہنا تھا کہ 'آسٹریلیا میں چیلنج سخت ہوگا لیکن مثبت بات یہ ہے کہ ہم وہاں 10-12 دن پہلے پہنچ جائیں گے اور پریکٹس میچ کھیلنے کا موقع ملے گا، اگر تمام کھلاڑی فٹ ہیں تو ہم اچھی کارکردگی دکھا سکتے ہیں'۔
سیریز کا شیڈول
پہلا ٹیسٹ: 13-17 اگست، ڈارون
دوسرا ٹیسٹ: 22-26 اگست، میکے
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ