
اوریا، 22 جولائی (ہ س)۔ اتر پردیش کے اوریا ضلع کے صدر ترقیاتی بلاک کے بیجل پور گاوں کے ایک پرائمری اسکول میں کھلے آسمان تلے زمین پر بٹھاکربچوں کو پڑھائے جانے کا ویڈیو بدھ کی صبح سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد مقامی رہائشیوں اور والدین نے تعلیمی نظام اور اسکول انتظامیہ پر سوالات اٹھائے ہیں۔
وائرل ویڈیو میں اسکول کے بچے کھلے میدان میں زمین پربیٹھ کر پڑھتے نظر آ رہے ہیں۔ نہ کوئی فرنیچر ہے اور نہ ہی بچوں کے بیٹھنے کے لیے کوئی چٹائی یا بینچ ہیں۔ اس سے یہ خدشات پیدا ہورہے ہیں کہ شدید گرمی اور بارش کے موسم میں ان کی پڑھائی متاثر ہوگی۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ حکومت پریشدیہ اسکولوں میں بچوں کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے فرنیچر سمیت بنیادی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ اس کے باوجود بچوں کو کھلے آسمان تلے زمین پر پڑھانا نظام پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔
گاو¿ں والوں نے الزام لگایا کہ اسکول کے دستیاب وسائل کا صحیح استعمال نہیں کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی وجہ سے کلاس روم میں تدریس ممکن نہیں تھی تب بھی بچوں کے لیے بیٹھنے کا مناسب انتظام کیا جانا چاہیے تھا تاکہ انہیں تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس ویڈیو نے علاقے میں بڑے پیمانے پر بحث چھیڑ دی ہے۔ والدین نے اپنے بچوں کے لیے محفوظ اور باعزت تعلیمی ماحول کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
بنیادی تعلیم افسر سنجیو کمار نے بتایا کہ وائرل ویڈیو کا نوٹس لیا گیا ہے۔ معاملے کی جانچ کے لیے بلاک ایجوکیشن آفیسر کو جائے وقوعہ پر بھیجا جا رہا ہے۔ تحقیقاتی رپورٹ موصول ہونے کے بعد جو حقائق سامنے آئیں گے ان کی بنیاد پر قواعد کے مطابق مناسب کارروائی کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی