جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹیمپو گاڑی پتھر کی زد میں آنے سے دو مسافر ہلاک
جموں, 22 جولائی (ہ س): جموں۔سرینگر قومی شاہراہ پر گنگرو کے قریب بدھ کے روز ایک چلتی ٹیمپو پر بھاری چٹان گرنے سے دو افراد ہلاک جبکہ تین دیگر زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق ٹیمپو سرینگر سے ڈوڈہ جا رہی تھی کہ گنگرو کے مقام پر پہاڑی سے اچانک ایک بھاری چٹا
Accident


جموں, 22 جولائی (ہ س): جموں۔سرینگر قومی شاہراہ پر گنگرو کے قریب بدھ کے روز ایک چلتی ٹیمپو پر بھاری چٹان گرنے سے دو افراد ہلاک جبکہ تین دیگر زخمی ہو گئے۔

حکام کے مطابق ٹیمپو سرینگر سے ڈوڈہ جا رہی تھی کہ گنگرو کے مقام پر پہاڑی سے اچانک ایک بھاری چٹان لڑھک کر گاڑی پر آ گری، جس کے نتیجے میں ٹیمپو کو شدید نقصان پہنچا۔

حادثے میں دو مسافروں کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ تین دیگر زخمی ہوئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق ضلع ڈوڈہ کے کاستی گڑھ علاقے سے بتایا جاتا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، امدادی ٹیمیں اور مقامی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ متوفین کی لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے بنیادی مرکز صحت رامسو منتقل کیا۔ تباہ شدہ ٹیمپو کو سڑک سے ہٹا دیا گیا اور ملبہ صاف کرکے شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بحال کرنے کا کام شروع کیا گیا۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے، جبکہ ہلاک اور زخمی افراد کی شناخت باضابطہ طور پر ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande