
رکن پارلیمنٹ میاں الطاف کی گاڑی لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آئی
جموں، 22 جولائی (ہ س)۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان میاں الطاف احمد کی سرکاری گاڑی بدھ کے روز جموں پونچھ شاہراہ پر تودے کی زد میں آ گئی، تاہم وہ اس واقعے میں بال بال بچ گئے۔
ذرائع کے مطابق میاں الطاف احمد حالیہ موسلادھار بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے جا رہے تھے کہ راستے میں مٹی کا تودہ گرنے کے باعث ان کی گاڑی پھنس گئی۔ تاہم رکن پارلیمان بحفاظت گاڑی سے باہر نکل آئے اور انہیں کوئی چوٹ نہیں آئی۔
میاں الطاف احمد نے واقعے کے باوجود اپنا سفر جاری رکھا اور متاثرہ علاقے تک پیدل پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا اور متاثرہ لوگوں سے ملاقات کی۔
مسلسل بارشوں کے باعث جموں پونچھ شاہراہ پر وقفے وقفے سے تودے گرنے کے واقعات پیش آ رہے ہیں، جس کے پیش نظر حکام شاہراہ کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر