
جموں سرینگر قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل
جموں، 22 جولائی (ہ س)۔ جموں و کشمیر میں مسلسل موسلا دھار بارش کے باعث جموں-سرینگر قومی شاہراہ پر بدھ کے روز دونوں جانب سے ٹریفک معطل کر دی گئی۔ ادھم پور اور رام بن اضلاع میں متعدد مقامات پر مٹی کے تودے گرنے اور پتھروں کے کھسکنے کے واقعات پیش آنے کے بعد انتظامیہ نے مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا۔
سرکاری حکام کے مطابق شاہراہ کے کئی حساس مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور شوٹنگ اسٹونز کے باعث سڑک پر سفر غیر محفوظ ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں جموں اور سرینگر دونوں اطراف سے گاڑیوں کی آمد و رفت روک دی گئی ہے۔ حکام نے بتایا کہ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا کی ٹیمیں متاثرہ مقامات پر ملبہ اور پتھر ہٹانے میں مصروف ہیں، جبکہ موسم میں بہتری آنے اور سڑک کو محفوظ قرار دیے جانے کے بعد ہی ٹریفک بحال کی جائے گی۔
انتظامیہ نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اگلے حکم تک جموں-سرینگر قومی شاہراہ پر سفر کرنے سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر