
نوئیڈا، 22 جولائی (ہ س)۔ گورنمنٹ چلڈرن ہوم میں رہنے والی تین نابالغ لڑکیاں جو کہ سیکٹر 49 تھانے کی حدود میں ہوشیار پور کے سیکٹر 51 میں واقع پرائمری کمپوزٹ اسکول میں پڑھنے گئی تھیں، لاپتہ ہوگئیں۔ گورنمنٹ چلڈرن ہوم کے انچارج نے سیکٹر 49 تھانے میں رپورٹ درج کرائی ہے۔ انہوں نے لڑکیوں کی دیکھ بھال پر مامور دو معاونین کے خلاف بھی رپورٹ درج کرائی ہے۔ پولس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
پولیس کمشنر لکشمی سنگھ کے میڈیا انچارج نے بتایا کہ سیکٹر 62 میں گورنمنٹ چلڈرن ہوم کی انچارج انودیتا سنگھ نے بدھ کو پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کرائی کہ ان کے یہاں اتر پردیش کے 19 اضلاع کی 10 سے 18 سال کی لڑکیاں رہتی ہیں۔ اس وقت ادارے میں 157 لڑکیاں ہیں جن میں سے 36 بے سہارا ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان میں سے تین لڑکیاں، جن کی عمریں 10 سے 13 سال کے درمیان ہیں، منگل کو سیکٹر 51 میں واقع پرائمری کمپوزٹ اسکول پڑھنے کے لیے بس سے گئیں،لیکن واپسی میں وہ وہاں سے غائب ہو گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی دیکھ بھال کی ذمہ داری تنظیم کی معاون سریتا اور منیشا پر عائد ہوتی ہے جو اسکول میں موجود تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی رپورٹ درج کرنے کے بعد لڑکیوں کی تلاش کے لیے پولیس کی تین ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی