تمل ناڈو اسمبلی کا اگلا اجلاس پانچ اگست سے، پہلے دن پیش کیا جائے گا 27-2026 کا عام بجٹ
-6 اگست کو زرعی بجٹ پیش ہوگا
تمل ناڈو اسمبلی کا اگلا اجلاس پانچ اگست سے، پہلے دن پیش کیا جائے گا 27-2026 کا عام بجٹ


چنئی، 21 جولائی (ہ س)۔ تمل ناڈو اسمبلی کا اگلا اجلاس پانچ اگست سے شروع ہوگا۔ اسمبلی اسپیکر جے سی ڈی پربھاکر نے منگل کے روز اس کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اجلاس کے پہلے دن مالی سال 27-2026 کا عام بجٹ پیش کیا جائے گا، جبکہ چھ اگست کو زرعی بجٹ ایوان میں پیش کیا جائے گا۔

چنئی سیکریٹریٹ میں منعقدہ پریس کانفرنس میں اسمبلی اسپیکر جے۔سی۔ڈی۔ پربھاکر نے بتایا کہ پانچ اگست کو صبح 10 بجے اسمبلی کی کارروائی شروع ہوگی، جس میں وزیر خزانہ ماریا ولسن مالی سال 27-2026 کا عام بجٹ پیش کریں گے۔ اس کے اگلے دن چھ اگست کو وزیر زراعت ونود زرعی بجٹ ایوان کے سامنے رکھیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ عام بجٹ اور زرعی بجٹ پیش کیے جانے کے بعد دونوں پر بحث ہوگی۔ بحث مکمل ہونے کے بعد متعلقہ وزراء ارکان اسمبلی کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات اور تجاویز کا جواب دیں گے۔ اس کے بعد مختلف محکموں کی گرانٹس کے مطالبات پر مرحلہ وار بحث کی جائے گی اور اسمبلی کے مقررہ طریقہ کار کے مطابق انہیں منظور کیا جائے گا۔

اسمبلی اسپیکر نے کہا کہ بجٹ اجلاس کی مدت کا حتمی فیصلہ بزنس ایڈوائزری کمیٹی کی میٹنگ میں کیا جائے گا۔ یہی کمیٹی ایوان کی کارروائی اور مختلف موضوعات پر بحث کے لیے وقت کا تعین کرے گی۔

قابل ذکر ہے کہ 17ویں تمل ناڈو اسمبلی انتخابات کے بعد اقتدار میں آنے والی تملگا ویٹری کڑگم (ٹی وی کے) حکومت کا پہلا اسمبلی اجلاس 18 جون کو گورنر کے خطاب کے ساتھ شروع ہوا تھا۔ گورنر کے خطاب پر شکریہ کی قرارداد پر 19، 22 اور 23 جون کو بحث ہوئی تھی۔ بحث کے آخری دن وزیر اعلیٰ سی۔ جوزف وجے نے ارکان کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل کا جواب دیا تھا۔ اس کے بعد اسمبلی کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی تھی۔

اب پانچ اگست سے شروع ہونے والا یہ ٹی وی کے حکومت کا پہلا مکمل بجٹ اجلاس ہوگا، جس میں حکومت مالی سال 27-2026 کے لیے اپنی آمدنی و اخراجات سے متعلق منصوبے اور مختلف محکموں کے لیے بجٹ تجاویز ایوان کے سامنے پیش کرے گی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande