فیروزپور-جموں ایکسپریس میں دھماکے کی سازش ناکام، 17 گرفتار، آئی ای ڈی اور پستول برآمد
- برطانیہ میں مقیم ماسٹر مائنڈ روی دھالیوال کے اشارے پر کر رہے تھے کام
- برطانیہ میں مقیم ماسٹر مائنڈ روی دھالیوال کے اشارے پر کر رہے تھے کام


چنڈی گڑھ، 21 جولائی (ہ س)۔ پنجاب کی موگا پولیس نے پولیس تھانہ صدر موگا پر ہوئے کم شدت والے گرینیڈ حملے کو انجام دینے کے الزام میں 17 ملزمان کو گرفتار کرکے ایک دہشت گردانہ سازش کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ گرفتار ملزمان فیروزپور سے جموں جانے والی ریل گاڑی میں آئی ای ڈی نصب کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

پولیس ڈائریکٹر جنرل گورو یادو نے منگل کو بتایا کہ پولیس نے ایک امپرووائزڈ ایکسپلوسیو ڈیوائس (آئی ای ڈی)، دھماکہ خیز مواد، الیکٹرانک ڈیٹونیٹر، ایک 9 ایم ایم گلوک پستول اور میگزین برآمد کیے ہیں۔ اس کے علاوہ گرینیڈ حملے میں استعمال کی گئی اسپیلنڈر موٹر سائیکل (پی بی-03-اے ایچ-3088) بھی ضبط کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 8 جولائی کو صبح تقریباً 3 بج کر 15 منٹ پر کچھ نامعلوم افراد نے پولیس تھانہ صدر، موگا کی عمارت پر کم شدت والا گرینیڈ پھینکا تھا۔

تفتیش کے دوران گرینیڈ حملے کو انجام دینے والوں میں گگن عرف کالی، ساکن ڈھیرو، فیروزپور؛ راجیش عرف کھنہ، ساکن لال کڑتی کینٹ، فیروزپور اور شبھم عرف بھنڈر، ساکن کوتوال، فیروزپور کے نام سامنے آئے۔ اس کے علاوہ لاجسٹک مدد، نیٹ ورک پھیلانے اور کارکنوں کو پناہ دینے میں معاونت کرنے کے الزام میں سیا پاڑی، فیروزپور کے لازر عرف امن اور اس کی بیوی پروین کور، کوتوال، فیروزپور کے سوارن اور گوبند، لال کڑتی کینٹ، فیروزپور کے ساگر اور جان، تلونڈی نیپالا، فیروزپور کی روتھ، راج اور سربجیت کور، اجیتوال، موگا کے گرپریت سنگھ، راہل اور کرندیپ سنگھ، ڈھیرو، فیروزپور کے لَوپریت اور شیر خان، فیروزپور کی سکھوندر کور کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ڈی جی پی گورو یادو نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ اقبال سنگھ عرف روی دھالیوال اس وقت برطانیہ میں مقیم ہے۔ وہ مبینہ طور پر مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہے اور اس سازش کا اہم منصوبہ ساز ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے احکامات پر ملزمان نے پولیس تھانہ صدر موگا پر گرینیڈ حملہ کیا اور اب فیروزپور سے جموں جانے والی ریل گاڑی میں آئی ای ڈی نصب کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ لازر اور اس کی بیوی برطانیہ میں مقیم اقبال عرف روی دھالیوال کے براہ راست رابطے میں تھے اور دہشت گردانہ سرگرمیوں کو انجام دینے کے لیے دیگر کارکنوں کا انتظام کرنے میں اس کی مدد کر رہے تھے۔

اس معاملے میں مزید تفصیلات دیتے ہوئے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) فریدکوٹ رینج نیلامبری جگدلے نے بتایا کہ واقعے کے بعد ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے کئی پولیس ٹیمیں تعینات کی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ تکنیکی اور انسانی خفیہ معلومات سے یہ بات سامنے آئی کہ گگن عرف کالی نے راجیش عرف کھنہ اور شبھم بھنڈر کے ساتھ مل کر پولیس تھانہ صدر موگا پر گرینیڈ حملہ کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ مزید تفتیش کے دوران ان تینوں ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جس کے بعد ان کے ساتھی لازر عرف امن اور اس کی بیوی پروین کور کی گرفتاری بھی ممکن ہوئی۔

سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس ایس پی) موگا سرتاج سنگھ چاہل نے کہا کہ لازر سے مزید پوچھ گچھ کے بعد باقی 12 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جو اس ماڈیول کے ارکان کو لاجسٹک مدد اور پناہ فراہم کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں مزید گرفتاریوں اور برآمدگی کا امکان ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande