
گنگٹوک، 21 جولائی (ہ س)۔ سکم کے وزیرِ اعلیٰ پریم سنگھ تمانگ نے نامچی ضلع کے جھولونگے کے تحت سمردونگ میں زیرِ تعمیر این ایچ پی سی تیستا مرحلہ-6 ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کی سرنگ میں ہوئے دردناک حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے حادثے میں جان گنوانے والے مزدوروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے غمزدہ اہل خانہ کے ساتھ اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ تمانگ نے منگل کی صبح فیس بک پر ایک پوسٹ کے ذریعے واقعے پر دکھ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں پوری ریاست کی ہمدردیاں اور دعائیں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ریاستی حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ بچاو مہم کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ ضلع انتظامیہ، سکم اسٹیٹ ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ایس ڈی ایم اے)، سکم پولیس، اسٹیٹ ڈزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف)، فائر بریگیڈ اور ایمرجنسی سروسز، پاکیونگ اور سلیگوڑی میں واقع نیشنل ڈزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی ٹیمیں نیز دیگر ماہر ایجنسیاں سرنگ میں پھنسے باقی مزدوروں کی لاشوں کو باہر نکالنے کے لیے دن رات مصروف ہیں۔
انہوں نے بچاو مہم میں لگے تمام سیکورٹی اہلکاروں اور تکنیکی ٹیموں کے جذبے، ہمت اور انتھک کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے متعلقہ تمام محکموں کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے، بچاو مہم میں تیزی لانے اور پوری مہم کے دوران اعلیٰ ترین حفاظتی معیاروں کی سختی سے تعمیل یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے لوگوں سے امن برقرار رکھنے، غیر تصدیق شدہ اور گمراہ کن معلومات عام نہ کرنے نیز متاثرہ مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کے لیے پرارتھنا کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت بچاو مہم کو محفوظ اور کامیاب انجام تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرتی رہے گی۔ قابلِ ذکر ہے کہ نامچی ضلع کے جھولونگے کے تحت سمردونگ میں زیرِ تعمیر این ایچ پی سی کی تیستا اسٹیج-6 ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کی سرنگ میں پھنسے مزدوروں کی تلاش اور بچاو مہم مسلسل جاری ہے۔ اب تک سات لوگوں کی لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن