
نئی دہلی، 21 جولائی (ہ س)۔ دہلی ڈویژن کے غازی آباد-نئی دہلی ریل سیکشن پر منگل کے روز ایک مال گاڑی کے چھ بھرے ہوئے ڈبے پٹری سے اترنے کی وجہ سے ریل آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔ حادثے کے بعد ریل انتظامیہ نے امدادی و بحالی کے کاموں میں تیزی لاتے ہوئے کئی ٹرینوں کو منسوخ، روٹ تبدیل، جزوی طور پر منسوخ اور کنٹرول کیا ہے۔ حادثے میں کسی قسم کے جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
شمالی ریلوے کے مطابق، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈویژنل ریل مینیجر (ڈی آر ایم)، ایڈیشنل ڈویژنل ریل مینیجر (اے ڈی آر ایم) اور دیگر سینئر افسران موقع پر پہنچ گئے اور بحالی کے کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ریلوے نے بتایا کہ کل 53 ٹرینیں متاثر ہوئی ہیں۔ ان میں 24 ٹرینوں کے روٹ تبدیل، 16 مسافر ٹرینیں مکمل طور پر منسوخ، پانچ ٹرینوں کو جزوی طور پر منسوخ اور آٹھ ٹرینوں کی رفت و آمد کو کنٹرول کیا گیا ہے۔
شمالی ریلوے کے مطابق جن ٹرینوں کو مکمل طور پر منسوخ کیا گیا ہے، ان میں 64437 غازی آباد-دہلی، 64402 دہلی-صاحب آباد، 64411 صاحب آباد-دہلی، 64408 دہلی-غازی آباد، 64423 غازی آباد-نئی دہلی، 64430 نئی دہلی-غازی آباد، 64425 غازی آباد-نئی دہلی، 64432 نئی دہلی-غازی آباد، 64417 غازی آباد-دہلی، 64439 غازی آباد-دہلی، 64406 دہلی-غازی آباد، 64401 غازی آباد-دہلی، 64434 دہلی-غازی آباد اور 64031 غازی آباد-صاحب آباد شامل ہیں۔
اس کے علاوہ 64104 نئی دہلی-ڈی کے ڈی ای کو غازی آباد سے روانہ کیا گیا ہے، 64109 ڈی کے ڈی ای-ایس ایس بی کو غازی آباد تک محدود کیا گیا ہے، 64112 ایس ایس بی-ڈی کے ڈی ای کو غازی آباد سے چلایا گیا ہے، 64152 دہلی-علی گڑھ جنکشن کو غازی آباد سے روانہ کیا گیا ہے اور 64053 پلول-غازی آباد کو نئی دہلی تک ہی چلایا گیا۔ وہیں 54474 سہارنپور-دہلی پیسنجر کو صاحب آباد-دہلی سرائے روہلا روٹ پر موڑ دیا گیا۔ ریلوے نے لوگوں سے سفر سے پہلے اپنی ٹرین کی تازہ ترین صورتحال کی معلومات حاصل کرنے کی اپیل کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن