
نئی دہلی، 21 جولائی (ہ س): لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے منگل کو اپوزیشن کے ارکانِ پارلیمنٹ کے ہمراہ لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا سے ملاقات کی اور نیٹ-یو جی کے سوالیہ پرچے کے مبینہ لیک، امتحانی نظام سے متعلق تنازعات اور طلبہ پر پولیس کارروائی کے معاملے پر پارلیمنٹ میں تفصیلی بحث کرانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کے مستقبل سے جڑے اس نہایت اہم معاملے پر حکومت کو جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے اور ایوان میں اس پر کھلی بحث ہونی چاہیے۔
راہل گاندھی کے ساتھ کانگریس کے جنرل سیکریٹری (تنظیم) کے سی وینوگوپال، سماجوادی پارٹی کے دھرمیندر یادو، شیو سینا (یو بی ٹی) کے اروند ساونت، آر ایس پی کے این کے پریم چندرن سمیت کئی اپوزیشن ارکانِ پارلیمنٹ بھی اسپیکر سے ملے۔ اپوزیشن نے مطالبہ کیا کہ قائدِ حزبِ اختلاف اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کو نیٹ اور سی بی ایس ای سے متعلق امتحانی تنازعات، طلبہ پر دہلی پولیس کی کارروائی اور ان معاملات میں حکومت کی جوابدہی پر ایوان میں بحث کے لیے مناسب وقت دیا جائے۔ ساتھ ہی وزیرِ تعلیم سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ایوان میں اس پورے معاملے پر حکومت کا مؤقف پیش کریں۔
راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ اپوزیشن ارکان نے لوک سبھا اسپیکر سے مطالبہ کیا کہ طلبہ کے ساتھ مبینہ بربریت اور امتحانات کے پرچے لیک ہونے سے
متعلق امور پر پارلیمنٹ میں تفصیلی بحث کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ اپنے مستقبل سے متعلق جائز سوالات اٹھا رہے تھے، مگر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ اگر پارلیمنٹ ملک کے نوجوانوں کے مستقبل پر بحث بھی نہیں کر سکتی تو پھر اس کا مقصد کیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اس معاملے کو دبنے نہیں دے گی اور طلبہ کی آواز پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مسلسل اٹھاتی رہے گی۔
ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ انہوں نے اسپیکر سے طلبہ کے مسائل پر بحث کرانے کی درخواست کی، تاہم انہیں بتایا گیا کہ اس سلسلے میں حکومت سے بات کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ ملک کے طلبہ اور نوجوانوں کے مستقبل سے جڑا ہوا ہے۔ طلبہ پر تشدد کیا گیا، لیکن وزیرِ اعظم نے اب تک اس پر معافی نہیں مانگی۔ ان کے مطابق ملک کا تعلیمی اور امتحانی نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے اور نوجوان اسی کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس پورے معاملے پر جواب دینا چاہیے۔
کانگریس کے جنرل سیکریٹری (تنظیم) کے سی وینوگوپال نے بھی ایکس پر کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے لوک سبھا اسپیکر سے مطالبہ کیا ہے کہ نیٹ اور سی بی ایس ای امتحانی تنازعات، پرامن احتجاج کرنے والے نوجوانوں کے خلاف دہلی پولیس کی کارروائی اور ان معاملات میں حکومت کی جوابدہی پر بحث کے لیے ایوان میں مناسب وقت مختص کیا جائے۔ انہوں نے وزیرِ تعلیم سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ ان تمام معاملات پر ایوان میں وضاحت پیش کریں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد