
ممبئی ، 21 جولائی (ہ س): دہلی میں احتجاج کرنے والے طلبہ پر مبینہ لاٹھی چارج اور سخت پولیس کارروائی کے خلاف ونچت بہوجن اگھاڑی نے 23 جولائی کو ریاست گیر مہاراشٹر بند کا اعلان کرتے ہوئے مختلف سیاسی، سماجی اور عوامی تنظیموں سے اس کی حمایت کی اپیل کی ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ یہ احتجاج طلبہ کے جمہوری حقوق اور آئینی اقدار کے تحفظ کے لیے منظم کیا جا رہا ہے۔
پارٹی کے ریاستی ترجمان طیب ظفر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ونچت بہوجن اگھاڑی کے قومی صدر ایڈوکیٹ پرکاش امبیڈکر کی ہدایت پر 23 جولائی کو مہاراشٹر بند منظم کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے ریاست کے مختلف اضلاع میں سیاسی جماعتوں، طلبہ تنظیموں، سماجی اداروں، مزدور یونینوں، تاجر انجمنوں، کسان تنظیموں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ نمائندوں سے مسلسل رابطہ کیا جا رہا ہے تاکہ احتجاج کو زیادہ سے زیادہ عوامی حمایت حاصل ہو سکے۔
بیان میں کہا گیا کہ پارٹی مختلف تنظیموں کے ساتھ مشاورت کے ذریعے ایک وسیع جمہوری پلیٹ فارم تشکیل دینے کی کوشش کر رہی ہے، تاکہ طلبہ کے ساتھ مبینہ ناانصافی کے خلاف مشترکہ آواز بلند کی جا سکے۔ ونچت بہوجن اگھاڑی کا مؤقف ہے کہ احتجاج کا مقصد کسی سیاسی مفاد کا حصول نہیں بلکہ جمہوری اقدار، آئین اور شہری حقوق کا دفاع ہے۔
پارٹی نے واضح کیا کہ یہ بند صرف ونچت بہوجن اگھاڑی کا سیاسی پروگرام نہیں بلکہ ان تمام افراد اور تنظیموں کی مشترکہ جدوجہد ہے جو طلبہ کے حقوق، اظہار رائے کی آزادی اور آئینی اصولوں کے تحفظ پر یقین رکھتے ہیں۔ اسی لیے تمام سیاسی جماعتوں، سماجی اداروں، طلبہ تنظیموں، مزدوروں، کسانوں، تاجروں، نوجوانوں اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اختلافات سے بالاتر ہو کر اس احتجاج میں حصہ لیں۔
طیب ظفر نے کہا کہ اگر طلبہ کی آواز کو طاقت کے ذریعے دبانے کی کوشش کی جائے گی تو اس کے منفی اثرات جمہوری نظام پر مرتب ہوں گے۔ ان کے مطابق اختلافِ رائے کو برداشت کرنا جمہوریت کی بنیادی روح ہے، اس لیے عوام کو چاہیے کہ وہ پرامن اور آئینی طریقے سے ہونے والے اس احتجاج میں شریک ہو کر طلبہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ریاست کے مختلف طبقات 23 جولائی کے مہاراشٹر بند میں بھرپور تعاون کریں گے اور جمہوری حقوق، آئین کی بالادستی اور طلبہ کے مفادات کے تحفظ کے لیے متحد ہو کر اپنی آواز بلند کریں گے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے