
بھوپال، 21 جولائی (ہ س)۔ مدھیہ پردیش اسمبلی میں مانسون اجلاس کے دوسرے دن منگل کو یکساں سول کوڈ (یونیفارم سول کوڈ- یو سی سی) بل منظور ہو گیا ہے۔ اس دوران برسر اقتدار اور حزبِ اختلاف کے درمیان شدید بحث، ہنگامہ اور نعرے بازی ہوئی۔ کانگریس کی مخالفت کے باوجود اسمبلی اسپیکر نریندر سنگھ تومر نے کارروائی جاری رکھتے ہوئے بل کو منظور کرنے کا اعلان کر دیا۔
اسمبلی میں آج وزیر گوتم ٹیٹوال نے مدھیہ پردیش یکساں سول کوڈ بل 2026 پر بحث کے لیے ایوان میں تجویز پیش کی۔ حزبِ اختلاف رہنما امنگ سنگھار نے اسے سلیکٹ کمیٹی (پرور کمیٹی) کے پاس بھیجنے کا مطالبہ کیا، لیکن حکومت نے اسے قبول نہیں کیا۔ اس کے بعد اقتدار اور حزبِ اختلاف کے درمیان شدید نوک جھونک شروع ہو گئی۔ کانگریس رکن اسمبلی یو سی سی کی مخالفت میں نعرے بازی کرنے لگے جبکہ بی جے پی اراکین اسمبلی اور وزراء بل پر بحث کرانے کا مطالبہ کرتے رہے۔ ہنگامے کی وجہ سے اسمبلی کی کارروائی پہلے 10 منٹ اور پھر 15 منٹ کے لیے ملتوی کرنی پڑی۔
اس کے بعد یو سی سی پر بحث کے دوران کانگریس رکن اسمبلی بالا بچن نے حکومت کی نیت پر سوال اٹھائے۔ حزبِ اختلاف رہنما امنگ سنگھار، اراکین اسمبلی عاطف عقیل اور عارف مسعود نے بل کو سلیکٹ کمیٹی کے پاس بھیجنے، آئین کی دفعہ 29 کے تحت اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کرنے اور اسے سیاسی ایجنڈا بتاتے ہوئے اعتراض درج کرایا، لیکن اس کے باوجود حکومت نے بل کو ایوان سے منظور کرا لیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن